محبوب نگر میں غیر مسلم اساتذہ کی جانب سے دعوت افطار، سوٹا صدر رؤف حسام الدین و دیگر کا خطاب
محبوب نگر19مارچ(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )اتحاد اور بھائی چارے کی علامت کے طور پر محبوب نگر میں غیر مسلم اساتذہ نے مسلم اساتذہ کے لیے افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ پنچایت راج ٹیچرس اسوسی ایشن کے ضلع صدر مدن موہن یادو نے کہا کہ صدیوں سے ہمارا ملک ہندوستان تنوع میں اتحاد کے فلسفے پر عمل پیرا ہے۔ زبان، مذہب، رنگ اور نسل کے فرق کے باوجود ہم تمام عیدیں اور تہوار ایک متحد قوم کے طور پر مناتے ہیں اور اسی مناسبت سے ہم نے آج مسلم اساتذہ کے لیے افطار ڈنر کا اہتمام کیا ہے۔ سوٹا اسٹیٹ ایسوسی ایٹ کے صدر رؤف حسام الدین نے کہا کہ غیر مسلم اساتذہ کی جانب سے مسلم اساتذہ کے لیے افطار ڈنر کا اہتمام کرنا قومی اتحادکی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ذریعے معاشرے تک یہ پیغام پہنچے گا کہ ہمارا معاشرہ محبت کی خوشبو سے بھرا ہوا ہے اور اس ماحول میں نفرت کا زہر پھیلانے والوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ ہنواڑا منڈل ایجوکیشن آفیسر جناب گوپال نائک نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور منتظمین کو مبارکباد دی۔ ہمیں اپنے معاشرے میں اتحاد، ہم آہنگی اور انسانیت کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہنا چاہیے۔ کوٹاپیٹا گزیٹیڈ صدر مدرسہ سری گوپال نائک، تلنگانہ پنچایت راج ٹیچرس اسوسی ایشن کے ضلع صدر مدن موہن، محمد اشفاق الحق، ہنواڈا منڈل ایجوکیشن آفیسر گوپال نائک، محمد افروز، حبیب نریش، رؤف حسام الدین، سرینواس، پانڈورنگا سوشل فورم کے سکریٹری گوری شنکر، سوریا مورتی اور دیگر نے شرکت کی۔ معاشرے میں اتحاد و اتفاق کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔