معاشرہ کو مثبت سمت دینے میں میڈیا کا اہم کردار :بھجن لال

   

جے پور 19جولائی (یواین آئی) راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے کہا ہے کہ میڈیا اپنی خبروں کے ذریعے معاشرے کو مثبت سمت دینے کا کام کر کے ملک اور ریاست کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور یہ نوجوانوں کو حوصلہ دے کر انہیں زندگی میں کامیاب بنانے کا بھی ایک اہم ذریعہ بنتا ہے ۔ شرما جمعہ کی رات جے پور میں ’’دینک بھاسکر ایوارڈ‘‘کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات کو ہمارے جمہوریت کا چوتھا ستون مانا جاتا ہے ، لیکن ایمرجنسی کے دور میں اس ستون کو کمزور کرنے اور گرانے کی کوشش کی گئی۔ اس وقت میڈیا پر سنسر شپ تو لگائی ہی گئی، ساتھ ہی کئی نامور صحافیوں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھی دھکیل دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اخبارات کو مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرنے والے نوجوان جنرل نالج کے لیے پڑھتے ہیں، لیکن یہ افسوس کی بات ہے کہ پچھلی حکومت کے دور میں انہیں دن رات محنت کرنے کے باوجود نوکری نہیں ملی۔ جو چند ایک بھرتیاں نکلی تھیں، وہ بھی پیپر لیک کی نذر ہو گئیں۔ شرما نے کہاکہ ہماری حکومت نے نوجوانوں کے خوابوں کو پورا کرتے ہوئے اب تک 75 ہزار سے زیادہ سرکاری بھرتیوں کا تحفہ دیا ہے اور سال 2025 میں 81 ہزار سے زیادہ اسامیوں پر بھرتی کا کلینڈر بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔