معاشی اصلاحات کے مطالبے کے بعد چینی ارب پتی جیک ما لاپتہ

   

بیجنگ : آن لائن کاروبارکی دنیا میں چین کی سب سے بڑی کاروباری فرم ‘علی بابا ڈاٹ کام’ کے سربراہ جیک ما حکومت سے ملک میں معاشی اصلاحات کا مطالبہ کرنے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔ان کی گم شدگی پر کاروباری حلقوں میں تشویش کی لہر پائی جا رہی ہے۔یاہو فائنانس کے ذریعہ جاری کردہ ایک رپورٹ ’’فاکس بزنس‘‘ میں شائع کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ علی بابا اور علی ایکسیریس جیسی میگا کاروباری کمپنیوں کے مالک ارب پتی جیک ما حکومت سے معاشی اصلاحات کا مطالبہ کرنے کے بعد منظر سے غائب ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ای کامرس کی دنیا کے ارب پتی تاجر دو ماہ سے لاپتا ہیں اور ان کے بارے میں کوئی خبر نہیں مل رہی ہے۔جیک ما نے 24 اکتوبر کو شنگھائی میں ایک تقریب سے خطاب میں چینی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ملک میں معاشی اصلاحات نافذ کرے۔ عالمی سطح پر کورونا وبا کے باوجود دسمبر میں چین میں انڈسٹریل شعبے کی کارکردگی میں اضافہ ہوا اور وہ وبا سے پہلے کی سطح پر قائم رہا۔