بوئنس آئرس 18 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ارجنٹینا کے وزیر معاشیات نیکولاس ڈوجون نے استعفی پیش کردیا ہے ۔ انہوںنے گذشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک میں بڑھتے معاشی بحران کی وجہ سے استعفی پیش کیا ہے ۔ یہ بحران صدر ارجنٹینا موریشیو میکری کی عام انتخابات سے قبل ابتدائی الیکشن میں شکست کے بعد پیدا ہوا تھا ۔ ڈوجون کے استعفے کے بعد اب ہرنن لاکونزا کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے جو صوبہ بوئنس آئرس کے وزیر معاشیات ہیں۔ ارجنٹینا کے ذرائع ابلاغ نے یہ اطلاع دی ۔ ملک کی کرنسی میں بھی گذشتہ ایک ہفتے کے دوران گراوٹ آئی ہے اور اس کی قدر میں 20 فیصد تک کی کمی درج کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ مختلف ریٹنگ ایجنسیوں اور کپنیوں نے بھی ارجنٹینا کی معیشت کے تعلق سے اندیشوں کا اظہار کیا ہے اور کریڈٹ ریٹنگ میں کمی کردی ہے ۔ مستعفی وزیر معاشیات ڈوجون نے اپنے ایک مکتوب میں کہا کہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ موجودہ حالات میں حکومت کے مینجمنٹ میں بردست تبدیلیوں کی ضرورت ہے خاص طور پر معاشی شعبہ میں نئی جان ڈالنے کیلئے مختلف اقدامات کی ضرورت ہے ۔ مسٹر ڈوجون ایک مزید سنگین ہوتے ہوئے معاشی بحران کے دوران اپنے عہدہ سے مستعفی ہوئے ہیں جبکہ مارکٹ کیلئے معاون سمجھے جانے والے صدر مملکت کو انتخابات سے قبل شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ یہ انتخابات صدارتی الیکشن سے قبل پرائمری انتخابات تھے جس سے امیدواروں کی مقبولیت کا پتہ چلایا جاتا ہے اور اس میں صدر کو اپنے مخالف امیدوار سے 15 فیصد کم ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ ارجنٹینا میں ماہ اکٹوبر میں عام انتخابات ہونے والے ہیں ۔ اس سے قبل ملک کی معیشت سنگین بحران کا شکار ہوگئی ہے ۔
