حکومت کے دو سال کی تکمیل پر اضلاع کا دورہ ، مکتھل میں ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد، پنچایت چناؤ میں کانگریس کو کامیاب بنانے اپیل
حیدرآباد ۔ یکم ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حکومت کے دو سال کی تکمیل کے ضمن میں اضلاع کے دورہ کا آج سے آغاز کردیا ہے ۔ پہلے مرحلہ میں چیف منسٹر 6 اضلاع کا دورہ کریں گے اور 8 اور 9 ڈسمبر کو گلوبل سمٹ کے بعد دوسرے مرحلہ کا آغاز ہوگا۔ ریونت ریڈی نے آج نارائن پیٹ ضلع مکتھل اسمبلی حلقہ کا دورہ کیا اور 118.82 کروڑ کے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ ریاستی وزراء دامودر راج نرسمہا ، جوپلی کرشنا راؤ ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، وی سری ہری اور ضلع کے عوامی نمائندے اور اعلیٰ عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ چیف منسٹر نے 8 کروڑ کی لاگت سے مکتھل میونسپلٹی کے تحت ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اسپورٹس کامپلکس کی تعمیر کیلئے 25 کروڑ روپئے کے صرفہ سے کاموں کا آغاز کیا گیا۔ سڑکوں کی تعمیر کیلئے 82.32 کروڑ مختص کئے گئے ۔ مکتھل پہنچنے پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کا کانگریس قائدین اور کارکنوں کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ترقیاتی کاموں کے سنگ بنیاد کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے گزشتہ دو برسوں میں حکومت کی کارکردگی سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل کے علاوہ ترقیاتی پراجکٹس کے ذریعہ تلنگانہ کو عالمی نقشہ پر پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر ضلع کے عوام نے کانگریس پارٹی کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کیا ہے اور حکومت ضلع کے عوام کے ساتھ کئے گئے تمام وعدوں کی تکمیل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے محبوب نگر عوام کے ساتھ دھوکہ دیا۔ آبپاشی پراجکٹس کیلئے 10 برسوں میں 12 کروڑ منظور نہیں کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر ضلع کے تمام آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کیلئے حکومت اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پالمور کا بیٹا چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہے اور میں محبوب نگر ضلع کی ہمہ جہتی ترقی کو یقینی بناؤں گا۔ ہر اسمبلی حلقہ میں ینگ انڈیا انٹگریٹیڈ اسکولس قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر میں 14 انٹگریٹیڈ اسکولس کو منظوری دی گئی ہے ۔ ضلع میں آئی آئی ٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انتخابی وعدوں کی تکمیل کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت اور 200 یونٹ مفت برقی کی سربراہی کے ذریعہ غریب خاندانوں کی مدد کی گئی ہے۔ راشن کارڈ پر باریک چاول مفت سربراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں پر دو برسوں میں ایک لاکھ چار ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے گئے۔ طبقاتی سروے اور ایس سی زمرہ بندی کانگریس حکومت کا کارنامہ ہے ۔ بی آر ایس حکومت نے 8 لاکھ کروڑ قرض حاصل کرتے ہوئے خوشحال تلنگانہ کو مقروض بنادیا۔ مالی مشکلات کے باوجود حکومت فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ترقی کے لئے پنچایت راج اداروں کے انتخابات میں کانگریس کے تائیدی امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ 2047 تک تلنگانہ کی معیشت کو تین ٹریلین ڈالر تک ترقی دینے کیلئے ویژن ڈاکیومنٹ تیار کی گئی ہے جسے گلوبل سمٹ کے دوران جاری کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے عوام سے وعدہ کیا کہ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر یکساں طور پر عمل آوری کی جائے گی۔1
