چیف سکریٹری نے احکامات جاری کئے،تعلیم اور روزگار میں گنجائش
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے معاشی طور پر پسماندہ طبقات (EWS) کیلئے تعلیم اور روزگار میں 10 فیصد تحفظات کی فراہمی کیلئے احکامات جاری کئے ہیں۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے جی او ایم ایس 33 جاری کیا ۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ دستور کی ترمیم کے تحت معاشی طور پر پسماندہ طبقات کو اعلیٰ تعلیمی اداروں ‘ بشمول خانگی اداروں میں 10 فیصد تحفظات کی گنجائش فراہم کی جارہی ہے۔ امدادی اور غیر امدادی اداروں میں یہ تحفظات فراہم کئے جائیں گے ۔ اس فیصلہ کے تحت ایس سی ، ایس ٹی اور بی سی طبقات کے علاوہ دیگر طبقات سے تعلق رکھنے والے ایسے افراد جو معاشی طور پر پسماندہ ہیں، انہیں تحفظات حاصل ہوں گے۔ حکومت نے اعلیٰ طبقات میں معاشی طور پر کمزور خاندانوں کو تحفظات فراہم کرنے کیلئے یہ فیصلہ کیا ہے۔ تحفظات کے شرائط اور ضوابط کا جی اے ڈی کی جانب سے عنقریب اعلان کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ حالیہ عرصہ میں اعلیٰ طبقات کی جانب سے تحفظات کا مطالبہ کیا جا تارہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اعلیٰ طبقات میں معاشی طور پر پسماندہ خاندان موجود ہیں، لہذا انہیں تحفظات فراہم کئے جائیں۔ چیف منسٹر نے مختلف طبقات سے اپنے وعدہ کی تکمیل کیلئے علحدہ EWS گروپ تشکیل دیتے ہوئے تعلیم و روزگار میں تحفظات کا فیصلہ کیا ہے ۔