معتمد خارجہ شرنگلا کی بنگلہ دیشی وزیرخارجہ سے ملاقات

   

ڈھاکہ: معتمدخارجہ ہرش وردھن شرنگلا نے آج بنگلہ دیش کے وزیرخارجہ عبدالمؤمن سے ملاقات کی جس کے دوران دونوں نے ہند اور بنگلہ دیش کے درمیان وسیع تر فروغ پذیر تعاون کا جائزہ لیا، جس میں کوویڈ وبا سے نمٹنے میں تعاون شامل ہے۔ شرنگلا دو روزہ سرکاری دورہ پر آج یہاں پہنچے۔ انہوں نے اپنے ہم منصب مسعود بن مؤمن سے بھی ملاقات کی اور تمام محاذوں پر باہمی روابط میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔ مسعود کے ساتھ اپنی میٹنگ کے دوران شرنگلا نے ہند ۔ بنگلہ دیش سفارتی تعلقات کے 50 سال کی تکمیل پر مجموعی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ قبل ازیں شرنگلا کا استقبال بنگلہ دیشی معتمد خارجہ نے دارالحکومت کے ایرپورٹ پر کیا۔ شرنگلا چہارشنبہ کو وزیراعظم شیخ حسینہ سے ملاقات کریں گے۔ شرنگلا کی وزیرٹرانسپورٹ اور برسراقتدار عوامی لیگ کے جنرل سکریٹری عبدالقادر سے بھی ملاقات طئے ہے۔ بنگلہ دیش کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات اس کی ’پڑوسی پہلے ‘کی پالیسی کے مضبوط ترین ستونوں میں سے ایک ہے ۔ اس بار دونوں ممالک اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 50ویں سالگرہ مشترکہ طور پر منارہے ہیں۔