نئی دہلی: کیرالہ کیڈر 1989 بیچ کے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسر راجیش کمار سنگھ نے آج یہاں ساؤتھ بلاک میں محکمہ دفاع کے سکریٹری کا عہدہ سنبھال لیا۔ انہوں نے 20 اگست کو آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی (دفاع سیکریٹری) کا چارج سنبھالا تھا۔ چارج سنبھالنے سے پہلے مسٹر سنگھ نے یہاں قومی جنگی یادگار پر پھول چڑھائے اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک ہمیشہ ان بہادر سپاہیوں کا مقروض رہے گا جنہوں نے مادر وطن کی خدمت میں بے پناہ قربانیاں دیں۔ بہادر فوجیوں کی غیر معمولی بہادری اور قربانی ہندوستان کو ایک محفوظ اور خوشحال ملک بنانے کیلئے ہمارے لیے طاقت اور تحریک کا ذریعہ ہے ۔ قبل ازیں، مسٹر سنگھ وزارت صنعت و تجارت میں صنعت اور داخلی تجارت کے فروغ کے سیکریٹری کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔