معدنیات ریگولیشن ترمیمی بل ہنگامہ کی وجہ سے منظور نہیں ہوسکا

   

نئی دہلی۔5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نہرو گاندھی کنبہ پر لوک سبھا میں آج کئے گئے قابل اعتراض تبصرہ کے خلاف کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے اراکین کے ہنگامہ کی وجہ سے معدنیات ریگولیشن (ترمیمی) بل، 2020ایوان میں منظور نہیں ہوسکا اور کارروائی دوپہر تین بجے تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔دو بار کارروائی ملتوی کئے جانے کے بعد جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی کانگریس اور کچھ دیگر اپوزیشن جماعتوں کے اراکین ہاتھوں میں بینر لئے اسپیکر کی کرسی کے سامنے پہنچ گئے ۔ وہ نہرو گاندھی کنبہ کے خلاف تبصرہ کرنے والے اراکین پارلیمان کو معطل کرنے کی مانگ کرتے ہوئے نعرے لگانے لگے ۔ یہ رکن اسپیکر کی کرسی کے سامنے بڑا بینر لیکر کھڑے ہوگئے ۔ شور و غل کے درمیان ہی قائم مقام اسپیکر رما دیوی نے بل سے منسلک آرڈی ننس پر قانونی تجویز پیش کرنے کے لئے ریولیوشنری سوشلسٹ پارٹی کے این کے پریم چندر ن کا نام پکارا۔مسٹر پریم چندر ن نے قانونی تجویز پیش کی لیکن ساتھ ہی کہا کہ ایوان میں رولنگ نہیں ہے اس لئے وہ کچھ کہنے کی حالت میں نہیں ہیں۔کوئلہ کے وزیر پرہلاد جوشی نے اس بل کو اہم قرار دیتے ہوئے اسے بغیر بحث کے منظور کرنے کی مانگ کی۔