معذورین کو نظرانداز کرنے والے بذات خود نااہل

,

   

معذورین کیلئے نابینا بینک ملازم کی خدمت کی ستائش، پوچارم سرینواس
حیدرآباد 3 ڈسمبر (این ایس ایس) اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی نے کہاکہ معذورین کو نظرانداز کرنے والے درحقیقت بذات خود نااہل اور معذور ہوتے ہیں۔ اسپیکر نے عالمی یوم معذورین کے موقع پر وزیر بہبود کپولا ایشور کے ساتھ منگل کو نیکلس روڈ پر منعقدہ تقریب میں حصہ لیا۔ اُنھوں نے سرور نگر کے ایک بینک میں ملازم نابینا عہدیدار کی ستائش کی جو دیگر معذورین کو رہائش، تعلیم اور شادی کے لئے مدد فراہم کررہے ہیں۔ اسپیکر نے کہاکہ یہ نابینا شخص اپنی شریک حیات کے تعاون سے ایک عظیم خدمت انجام دے رہا ہے۔ پوچارم سرینواس نے کہاکہ وہ 14 ڈسمبر کو اس شخص کی سالگرہ تقریب میں شرکت کریں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاستی حکومت معذورین کو بیٹری سے چلنے والی سیکل کی خریدی کے لئے 25000 روپئے کی سبسیڈی دے رہی ہے۔ اس کے ساتھ رضاکارانہ تنظیم 12000 روپئے فراہم کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ سب کچھ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی دور اندیش بصیرت سے ممکن ہوسکا ہے۔ حکومت تلنگانہ 3,016 معذور افراد کو پنشن فراہم کررہی ہے۔ جی ایچ ایم سی میئر بی رام موہن نے بھی اس تقریب سے خطاب کیا۔