رکن کونسل کویتا سے معذورین کے نمائندوں کی ملاقات
حیدرآباد۔ ٹی آر ایس رکن کونسل کے کویتا نے دعویٰ کیا ہے کہ معذورین کی بھلائی اور بہبود کیلئے کے سی آر نے جو اقدامات کئے ہیں اس کی مثال ملک کی کوئی اور ریاست پیش نہیں کرسکتی۔ مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے معذورین کے ایک وفد نے کویتا سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی اور اپنے مسائل سے واقف کرایا۔ کویتا نے ریاست میں معذورین کے حق میں شروع کی گئی مختلف اسکیمات پر عمل آوری کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر شعبہ میں معذورین کو بہتر مواقع فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 4.90 لاکھ معذورین کو حکومت کی جانب سے ماہانہ 3016 روپئے وظیفہ دیا جارہا ہے اس کے علاوہ مختلف فلاحی اسکیمات میں معذورین کی خصوصی حصہ داری رکھی گئی ہے۔ معذورین نے ٹی آر ایس حکومت بالخصوص چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکرکیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ حکومت آئندہ بھی معذورین کے ساتھ ہمدردی کا رویہ برقرار رکھے گی۔