میدک۔ 20 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) معذورین کی فلاح و بہبود کیلئے مرکزی و ریاستی بجٹ میں کم از کم 5 فیصد فنڈ مختص کرنے اور معذورین پنشن کو بڑھا کر 6000 روپئے کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ این پی آر ڈی NPRD ضلع سکریٹری کے یشودا نے اعلان کیا کہ ان مطالبات کے حق میں 25 فروری کو کلکٹریٹ کے سامنے دھرنا منظم کیا جائے گا۔ میدک ضلع کے کیول کشن بھون میں منعقدہ نیشنل پلیٹ فارم فار رائٹس آف ڈس ایبلڈ کے ضلع کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے بجٹ میں معذورین کی فلاح کیلئے صرف 1669.72 کروڑ روپئے مختص کیے ہیں، جو ناکافی ہیں اور اس سے حکومت کی لاپرواہی ظاہر ہوتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 2026-27 کے مالیاتی سال کے ریاستی بجٹ میں معذورین کیلئے فنڈ میں اضافہ کیا جائے اور چیوتھا پنشن اسکیم کے تحت پنشن میں اضافہ کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کانگریس پارٹی کو اقتدار میں آئے 26 ماہ گزر چکے ہیں لیکن پنشن میں اضافہ نہیں کیا گیا، جو افسوسناک ہے۔ انہوں نے معذورین کے لیے معاون آلات کی تقسیم میں تاخیر پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ مستحقین کی فہرستیں تیار ہونے کے باوجود آلات تقسیم نہیں کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں معذورین کے خلاف حملوں اور ہراسانی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، جسے روکنے کیلئے سخت اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان مسائل کے حل کیلئے 25 فروری کو ملک گیر سطح پر کلکٹریٹ دفاتر کا گھیراؤ کیا جائے گا اور معذورین کو اپنے حقوق کیلئے متحد ہو کر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں ضلع ورکنگ پریزیڈنٹ وائی درگا، نائب صدور ٹی یادگیری، چندرماں۔ جی سری نواس، اسسٹنٹ سکریٹری کشٹیا اور دیگر نے شرکت کی۔