معذورین کے لیے فیض عام ٹرسٹ اور ای اے ایف کی مدد سے کاروبار کا آغاز

   


متاثرین بارش کی بھی مدد ، محنت سے گریز کرنے والے ہی معذور ، اہم شخصیتوں کا خطاب
حیدرآباد :۔ معذور وہ نہیں ہوتے جو اپنے پاؤں سے چلنے پھرنے ، ہاتھوں سے کام کاج کرنے ، زبان سے بولنے ، آنکھوں سے دیکھنے ، کانوں سے سننے سے قاصر ہوتے ہیں بلکہ معذور وہ ہوتے ہیں جو کام چور ہیں ۔ محنت و مشقت سے گریز کرتے ہیں ۔ مفت خوری جن کی عادت ہوتی ہے جو مختلف بہانوں سے دوسروں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالتے ہیں ۔ جھوٹ کا سہارا لے کر اپنے دوست احباب عزیز و اقارب اور مخیر حضرات سے کچھ رقم حاصل کرلیتے ہیں ۔ اگر انسان اپنی معذوری لاچاری کے باوجود یہ ٹھان لے کہ وہ محنت کر کے رہے گا تو یقینا اسے کامیابی ملے گی اور معاشرہ بھی اپنے محنتی انسانوں کی مدد کے لیے آگے بڑھے گا ۔ ان خیالات کا اظہار دی اسٹار اسکول اے سی گارڈس میں منعقدہ ایک خاص اور متاثر کن تقریب سے خطاب میں مقررین نے کیا ۔ اس تقریب کا اہتمام فیض عام ٹرسٹ نے Equally able فاونڈیشن کی جانب سے کیا گیا تاکہ معذور مرد و خواتین کو ان میں پائی جانے والی صلاحیتوں کے مطابق کاروبار کرنے مدد کی جاسکے ۔ واضح رہے کہ فاونڈیشن کے سربراہ محمد یوسف نے دنیا کے غریب اور ترقی پذیر ملکوں میں معذورین کی مدد اور انہیں با اختیار بنانے کا بیڑہ اٹھایا ہے ۔ امریکہ میں مقیم محمد یوسف حیدرآباد سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ خود پولیو سے متاثر ہوئے اور دو سال کی عمر سے ہی وہ چلنے پھرنے سے قاصر رہے اور 12 سال کی عمر میں وہ پہلی مرتبہ اسکول گئے اور پھر اپنے عزم و حوصلوں کا غیر معمولی مظاہرہ کرتے ہوئے الیکٹرانکس اینڈ کمیونیکیشن انجینئرنگ کی پھر کمپیوٹر انجینئرنگ میں ماسٹرس کیا وہ امریکہ کے ایک سرفہرست انٹلیجنٹ ٹرانسپورٹیشن سسٹم کے محقق ہیں اور اس شعبہ میں محمد یوسف کو امریکہ اور دنیا بھر میں ایک قائد سمجھا جاتا ہے ۔ ان کی EAF نے دنیا کے ایک ارب معذورین کی صلاحیتوں کو اجاگر کر کے انہیں معاشی و سماجی طور پر با اختیار بنانے کا بیڑہ اٹھایا ہے ۔ بہر حال فیض عام ٹرسٹ اور محمد یوسف کی EAF کی جانب سے آج 15 معذورین کی باز آبادکاری کی گئی انہیں مختلف کاروبار سے جوڑا گیا ۔ اس موقع پر سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین ، منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں ، پروفیسر ڈاکٹر ایس اے شکور ، ڈاکٹر شوکت علی مرزا ، ممتاز ماہر معاشیات پروفیسر عامر اللہ خاں ، جناب انیس حسین فیض عام ٹرسٹ کے ارکان رضوان حیدر ، ڈاکٹر مخدوم محی الدین ، سید حیدر علی ، علی حیدر عامر ، پروفیسر انور خاں ، کرار احمد طاہر ، محترمہ فرحت یاسمین ، محترمہ مِروت حسین و دیگر موجود تھے ۔ جناب رضوان حیدر نے انجینئر محمد یوسف کا پیام پڑھ کر سنایا ۔ تقی عسکری ولا نے کارروائی چلائی ۔ آج کے پروگرام میں 3 معذورین کو ٹھیلہ بنڈی پر چپلوں کی دکان ، ایک کو ہرمال کی دکان ، ایک لڑکی کو چیر اور لیاپ ٹاپ ، دو افراد کو کرانہ اور کنفکشنری کا سامان دو معذورین کو زنانہ ملبوسات ، دو کو بچکانہ ملبوسات ، ایک کو مردانہ ملبوسات اور ایک شخص کو ٹی اسٹال فراہم کی گئی تاکہ یہ کاروبار کرتے ہوئے اپنی اور اپنے ارکان خاندان کی مدد کرسکیں ۔ اس موقع پر حالیہ بارش کے متاثرین کو ریلیف کٹس اور چند کو پیاز کا کاروبار شروع کرنے امداد کی گئی اسی طرح 5.5 لاکھ تا 6 لاکھ روپئے مالیت سے معذورین و متاثرین کو باز آباد کرنے کے اقدامات کئے گئے ۔ تقریب میں کافی جذباتی مناظر دیکھے گئے ۔ واضح رہے کہ محمد یوسف کی فیض عام ٹرسٹ نے غیر معمولی حوصلہ افزائی اور مدد کی تھی جس کا نتیجہ آج یہ نکلا کہ وہ دوسروں کی مدد کررہے ہیں ۔ آخر میں محترمہ مِروت حسین نے شکریہ ادا کیا ۔۔