عوامی مسائل کی سماعت کیلئے پرجا دربار منعقد کرنے چاڈا وینکٹ ریڈی کی تجویز
حیدرآباد۔ /29 فبروری، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے ٹولی چوکی میں معذور شخص محمد سلیم کو دیکھ کر قافلہ روکنے کے اقدام کی ستائش کی۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے راستہ میں کھڑے معذور شخص کو دیکھ کر نہ صرف اپنی کار روک دی بلکہ مسائل کی سماعت کے بعد معذوروں کا پنشن اور ڈبل بیڈ روم مکان کی منظوری دی۔ یہ اقدام یقینا قابل ستائش ہے لیکن کے سی آر کو ریاست کے اُن دیگر معذورین کا بھی خیال کرنا چاہیئے جو گزشتہ کئی برسوں سے اپنے مسائل کی پیشکشی کیلئے چیف منسٹر سے ملاقات کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر سے کئی غریب اپنے مسائل پیش کرنے کیلئے بے چین ہیں لیکن انہیں ملاقات کا کوئی موقع نہیں دیا جاتا۔ انہوں نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ پرگتی بھون میں پرجا دربار کا اہتمام کرتے ہوئے عوام کو اپنے مسائل پیش کرنے کا موقع دیں۔ کئی لاکھ معذورین ریاست میں مسائل کے حل کے منتظر ہیں۔ اس کے علاوہ جھونپڑیوں میں رہنے والے غریب خاندان مکانات کیلئے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد اور غریبوں کو مکانات کی فراہمی پر توجہ دی جانی چاہیئے۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے غریبوں اور معذورین کیلئے آسرا پنشن اور جھونپڑیوں میں رہنے والے افراد کو ڈبل بیڈ روم مکانات کی منظوری کا مطالبہ کیا۔