معراج النبی ؐ ساری انسانیت کیلئے قابل ِ فخر معجزہ

   

کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی انتیسویں معراج النبی کانفرنس کے ضمن میں اجلاس سے علماء کے خطابات
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری : ( راست ) : معراج مصطفی ؐ معجزات نبوی ؐمیں سے عظیم الشان معجزہ ہے یوں تو اللہ نے اپنے حبیب محمد مصطفیٰ ﷺ کو کئی ایک معجزات عطا کئے لیکن معجزہ معراج النبی ؐ ایک ایسا عظیم الشان معجزہ ہے جس کو سمجھنے سے ساری بنی نوع انسانی آج تک قاصر ہے ۔ رب تعالیٰ نے اپنے حبیب کو جس شان سے آسمانوں کی سیر کروائی اور اپنے دیدار سے سرفراز فرمایا اور اپنا قرب عطا فرمایا ‘ سارے عالم میں اس معجزہ کی مثال نہیں ملتی ۔ یہ روحانی معراج کی بات نہیں بلکہ جسمانی معراج کی بات ہے جس کا ثبوت قرآن اور احادیث دونو ں موجود ہے۔ جسمانی معراج کا منکر گمراہ و بد دین ہے ۔ ان خیالات کا اظہار علامہ ڈاکٹر سید عبدالمعز حسینی قادری شرفی نے کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیر اہتمام 29ویں معراج النبی ؐ کانفرنس کے ضمن میں منعقدہ اجلاس سے کیا ۔ سرپرستی حضرت سید محمد شاہ قادری ملتانی نے کی ۔ قرأت و ہدیہ نعت سے اجلاس کا آغاز ہوا ۔ مولانا نے کہا کہ واقعہ معراج النبی ؐ صبح قیامت تک کیلئے ساری بنی نوع انسانی کیلئے قابل فخر معجزہ ہے اور عبدیت کی معراج کی فقید المثال کرامت ہے جسکے ذریعہ ساری انسانیت کیلئے اصلاحی انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے ۔ ڈاکٹر محمد اقبال احمد رضوی القادری نے کہا کہ معجزہ معراج النبیؐ ساری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے ، یہ وہ عظیم معجزہ ہے جس میں حبیب کبریا ﷺ رب تعالیٰ کے حضور مہمان بن کر تشریف لے گئے ۔ جہاں پر آپ کو رب تعالیٰ نے قیامت تک ہونے والے تمام معاملات سے آگاہ فرمادیا ۔ اس عظیم معجزہ میں اُمت مسلمہ کو تمام معاملات سے آگاہ کردیا گیا ہے ۔ ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی نے کہا کہ واقعہ معراج النبی ﷺ روزِ روشن کی طرح عیاں ایک عظیم معجزہ ہے جو ہمارے آقا نبی کریم ﷺ کو رب تعالیٰ کی جانب سے عطا کیا گیا ۔ وہیں پر رب تعالیٰ کی جانب سے ایمان والوں کو نماز جیسا عظیم تحفہ بھی عنایت کیا گیا ہے جو تا قیام قیامت باقی رہنے والا ہے اس لئے ہر مسلمان کا فریضہ ہے کہ وہ نمازوں کی پابندی کریں اور دین متین کی خدمت کریں ۔ محمد شاہد اقبال قادری (صدر رحمت عالم کمیٹی ) نے کہا کہ کمیٹی اپنی اٹھائیسویں معراج النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد 27/جنوری پیر ، بعد نمازِ عشاء ، چنچل گوڑہ جونیر کالج گراونڈ ، عمل میں لا رہی ہے ۔ اسی ضمن میں ایک استقبالیہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جن میں صدر استقبالیہ جناب مرزا نثار احمد بیگ نظامی ( سپریم کورٹ ایڈوکیٹ)،نائب صدور استقبالیہ جناب حکیم ایم ساجد قادری ملتانی ، جناب الحاج خواجـہ صدر الدین احمد قادری ( سراج بھائی)، محمد عظیم برکاتی ( ایڈوکیٹ)، معتمد استقبالیہ : قادر خان قادری ، سید لئیق قادری ، نائب معتمد استقبالیہ : سید اعزاز محمد قادری ، سید طاہر حسین قادری ، اراکین استقبالیہ : ڈاکٹر مجیب شاہد ، محمد احسن شریف ، ڈاکٹر غوث ، سید طاہر علی قادری ، ڈاکٹر عظمت رسول ، محمد مشتاق ہاشمی ، محمد عمران خان رضوی ، محمد حنیف پٹیل ثاقبی ، زبیر ثاقبی ، سید عاطف وارثی ، محمد حنیف رضوی ، محمد آصف قادری ہونگے۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام اور دُعاء پر اختتام عمل میں آیا ۔