ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار نانا پاٹیکر آج 74 برس کے ہو گئے ۔نانا پاٹیکر عرف وشواناتھ پاٹیکر 01 جنوری 1951 کو ممبئی میں ایک متوسط مراٹھی گھرانے میں پیدا ہوئے ۔ ان کے والد دنکر پاٹیکر ایک پینٹر تھے ۔ نانا نے ممبئی کے جے جے اسکول آف آرٹس میں تعلیم حاصل کی۔ اس دوران وہ کالج کے زیر اہتمام ڈراموں میں حصہ لیا کرتے تھے ۔ ناتا پاٹیکر کو اسکیچنگ کا بھی شوق تھا اور وہ مجرموں کے اسکیچ بنا کر ممبئی پولیس کو ان کی شناخت کے لیے دیتے تھے ۔نانا نے اپنے سینی کیرئیر کا آغاز سال 1978 میں ریلیز ہونے والی فلم’گمن‘سے کیا تھا لیکن اس فلم میں ناظرین نے انہیں نوٹس نہیں کیا۔ اپنے وجود کی تلاش میں نانا کو فلم انڈسٹری میں تقریباً آٹھ سال تک جدوجہد کرنی پڑی۔ فلم ‘گمن’ کے بعد جو بھی کردار ملا اسے قبول کرتے چلے گئے ۔ نانا پاٹیکر نے 1984 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘آج کی آواز’ میں بطور ویلن راج ببر کے ساتھ کام کیا۔ یہ فلم پوری طرح راج ببر پر مرکوز تھی، اس کے باوجود نانا اپنا کردار نبھا کر اپنی اداکاری کی چھاپ چھوڑنے میں کامیاب رہے ، حالانکہ یہ فلم باکس آفس پر ہٹ ثابت نہیں ہوئی۔
نانا پاٹیکر کو ابتدائی کامیابی دلانے میں پروڈیوسر ڈائریکٹر این چندرا کی فلموں کا بڑا ہاتھ رہا۔ انہیں پہلا بڑا بریک فلم ‘انکش’ (1986) سے ملا۔ اس فلم میں نانا پاٹیکر نے ایک بے روزگار نوجوان کا کردار ادا کیا تھا جو کام نہ ملنے پر سماج سے ناراض ہوتا ہے اور الٹے سیدھے راستے پر چلتا ہے ۔
نانا پاٹیکر نے اپنے کردار کو اتنے خلوص سے نبھایا کہ شائقین آج بھی اس کردار کو فراموش نہیں کر سکے ہیں۔ اسے محض اتفاق ہی کہا جائے گا کہ این چندرا نے اس فلم سے بطور پروڈیوسر اور ہدایت کار اپنے سینی کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔سال 1987 میں نانا پاٹیکر کو این چندرا کی ہی فلم ‘پرتیگھات’ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اگرچہ پوری فلم اداکارہ سجاتا مہتا پر مبنی تھی، لیکن نانا نے اس فلم میں ایک پاگل پولیس اہلکار کا چھوٹا سا کردار ادا کرکے اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔