معروف اسکالر و مفکرڈاکٹر محمد منظورعالم کا انتقال

   

نئی دہلی ۔ 13 جنوری ۔ ( ایجنسیز) ڈاکٹر محمد منظورعالم آج 13 جنوری کو 80 سال کی عمر میں دہلی میں انتقال کرگئے ۔ وہ انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹیڈیز ( آئی او ایس ) کے بانی تھے ، جو ملک کے پہلے اور سب سے اہم مسلم تھنک ٹینک میں سے ایک تھے ۔ ڈاکٹر عالم ایک وژنری اسکالر ، عالمی مفکر ، رہنما اور تعلیم ، سماجی انصاف اور پسماندہ طبقات کو بااختیار بنانے کے انتھک علمبردار تھے ۔ ان کی نماز جنازہ مغرب کی نماز کے بعد جنوب مشرقی دہلی کے شاہین باغ علاقے میں ادا کی گئی اور اُنھیں وہیں کے ایک قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ۔ ڈاکٹر محمد منظورعالم 9 اکتوبر 1945 ء کو بہار میں ایم عبدالجلیل کے ہاں پیدا ہوئے ۔ انھوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے معاشیات میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ، جہاں انھوں نے اسلامی سماجی علوم معاشی اصلاحات اور سماجی تبدیلی کے لئے علم کی ترقی میں گہری دلچسپی پیدا کی ۔ ان کا شاندار کیرئیر متعدد ممالک اور اداروں میں پھیلا ہوا ہے ۔ ان کے بڑے بیٹے محمد عالم کے مطابق پسماندگان میں پانچ بیٹے ، دو بیٹیاں اور اہلیہ ہیں۔ ڈاکٹر منظور طویل عرصہ سے بیمار تھے اور ذیابیطس کے علاوہ عمر سے متعلق کئی بیماریوں میں مبتلا تھے ۔