معروف افسانہ نگار سلام بن رزاق کا انتقال

   

ممبئی : معروف افسانہ نگار اور استاذ سلام بن رزاق کا آج نوی ممبئی میں انتقال ہوگیا۔ان کی عمر 83برس تھی ۔مرحوم کافی عرصے سے بیمار تھے ۔پسماندگان میں بیوہ،ایک بیٹی ،ایک بیٹا ،پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔ان کی تدفین بعد نماز مغرب بڑے قبرستان مرین لائنز میں عمل میں آئی۔ نوجوان افسانہ نگار وسیم عقیل شاہ کے مطابق سلام بن رزاق عصری اردو افسانہ سے وابستہ رہے ۔اردو کے نابغہ روز گار قلم کار سلام بن رزاق کا تعلق شہر ممبئی سے تھاحالانکہ ان کا آبائی وطن خطہ کونکن تھا۔ایک عرصہ تک ممبئی میونسپل کارپوریشن کے اسکولوں میں بطور استاذفرائض انجام دیتے رہے ۔کرلاقریش نگر میں زندگی گزاری اور پھر میراروڈ منتقل ہوگئے ۔انہوں نے کہاکہ سلام بن رزاق افسانہ نگاری میں ہندوستان بھرمیں مشہور و مقبول ہوئے ۔سلام بن رزاق کو ادبی خدمات کے لیے ملک کے سرکاری و غیر سرکاری اداروں نے کم و بیش 40 سے زائد انعامات و اعزازات سے نوازا گیا۔ ان کی تقریباً سبھی کتابوں پر ملک کی مختلف ریاستی اردو اکادمیوں نے خصوصی انعام تفویض کیے ۔ نیز موصوف اردو کے پہلے ادیب ہیں جنھیں دو بار مرکزی ساہتیہ اکادمی کے ایوارڈ سے نوازا گیا ۔