معروف افغان اداکارہ صبا سحر پر قاتلانہ حملہ

   

کابل۔ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں معروف افغان اداکارہ اور ہدایت کار صبا سحر قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئیں۔ صبا سحر کے شوہر کے مطابق وہ کام پر جارہی تھیں کہ کابل کے مغرب میں تین حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔افغانستان کی پہلی خاتون ہدایت کار اور 44 سالہ اداکارہ کو حملے کے فوری بعد قریبی دواخانہ منتقل کردیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ حملے میں اداکارہ کے 2 گارڈز بھی زخمی ہوئے ہیں جب کہ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔واضح رہے کہ صبا سحر کا شمار افغانستان کی معروف اداکاراؤں میں ہوتا ہے اور وہ فلمی ہدایت کار ہونے کیساتھ ساتھ خواتین کے حقوق کے لیے بھی کافی سرگرم ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اداکارہ پر حملے پر تشویش کا اظہار کیا۔