معروف سماجی جہدکار محترمہ تیستاسیتلواد کو ایمسٹرڈم کے دورہ کی اجازت

   

بین الاقوامی ڈاکیومنٹری فلم فیسٹیول میں بحیثیت پروڈیوسر مدعو ، سپریم کورٹ کی ہدایت
حیدرآباد۔23۔ اکٹوبر(سیاست نیوز) سپریم کورٹ آف انڈیا نے معروف سماجی جہدکار محترمہ تیستا سیتلواد کو 14تا 24 نومبر کے دوران ایمسٹرڈم کے دورہ کی اجازت دے دی ہے۔ محترمہ تیستا سیتلواد جو کہ ایمسٹرڈم میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں شرکت کے لئے مدعو تھیں نے سپریم کورٹ میں جسٹس بی آر گووئی اور جسٹس کے وی وشواناتھن پر مشتمل بنچ سے رجوع ہوتے ہوئے 11 یوم کے بیرونی دورہ کی اجازت طلب کی تھی اور اپنی درخواست میں بتایا تھا کہ بین الاقوامی ڈاکیومنٹری فلم فیسٹیول جو کہ ایمسٹرڈم نیدرلینڈ میں منعقد ہورہا ہے اس میں انہیں پروڈیوسر کی حیثیت سے مدعو کیا گیا ہے اس پروگرام میں شرکت کے لئے وہ عدالت سے اجازت طلب کر رہی ہیں۔ محترمہ تیستا سیتلواد کی درخواست کو سپریم کورٹ نے قبول کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ وہ 24 نومبر سے قبل ہندستان واپس ہوتے ہوئے ان کے خلاف جاری مقدمہ کی تحقیقات کا حصہ بنیں ۔ سماجی جہد کار محترمہ تیستا سیتلواد کی گرفتاری اور ان پر درج کردہ مقدمات کے بعد حکام نے ان کا پاسپورٹ ضبط کررکھا تھا تاکہ وہ ملک کے باہر سفر نہ کرسکیں۔ سپریم کورٹ نے 10لاکھ روپئے بطور ضمانت جمع کروانے کی ہدایت دیتے ہوئے حکام کو ہدایت دی کہ وہ محترمہ سیتلواد کے پاسپورٹ کی اجرائی کو یقینی بنائیں تاکہ وہ ایمسٹرڈم نیدرلینڈ کا سفر کرسکیں۔ 3