جئے پور / جودھپور : راجستھان میں جدید اردو غزل کی نمائندہ آواز معروف شاعر سرفراز شاکر کا اپنی سالگرہ کے ایک ہفتہ بعد 17فبروری جمعہ کی صبح جئے پور میں انتقال ہوگیا ۔ وہ 67 برس کے تھے انہیں ایمبولنس میں جئے پور سے جودھپور لایا گیا ، انہیں جمعہ کی شام جودھپور کے سوانحی گیٹ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔ ان کے جنازے میں شہر کے بہت سے شعراء اور معزز شہریوں نے شرکت کی ۔ شاکر کے انتقال سے ادبی حلقوں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ۔ مرحوم کا تعلق جودھپور سے تھا ۔ ان کی پیدائش جودھپور ہی میں شاعر سکندر شاہ خوشدل کے یہاں 10فبروری 1956 کو ہوئی ۔ وہ بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر شین کاف نظام کے شاگرد تھے ۔ وہ نئے لب و لہجہ کے اپنی طرز کے عمدہ شاعر تھے ۔ پیکر نگرانی اور قدرے تجریدیت سے دلچسپی تھی ۔ راجستھان اردو اکیڈیمی نے 2000ء میں ان کا شعری مجموعہ ’’ رستہ رستہ ریت ‘‘ کے عنوان سے شائع کیا تھا ۔ ان کا کلام اردو ادب کے رسائل میں شائع ہوتا رہا ہے ۔