نئی دہلی ۔ 25 جنوری (ایجنسیز) معروف مصنف اور سینئر صحافی مارک ٹلی کا اتوار 25 جنوری کو نئی دہلی کے ایک پرائیویٹ ہاسپٹل میں انتقال ہو گیا، وہ 90 سال کے تھے۔ یہ اطلاع ان کے ایک قریبی دوست نے دی ہے۔ اپنی صحافت کیلئے متعدد قومی اور بین الاقوامی ایوارڈ جیتنے والے مارک ٹلی کچھ عرصے سے بیمار تھے اور گزشتہ ایک ہفتے سے ساؤتھ دہلی کے میکس ہاسپٹل میں زیرعلاج تھے۔مارک ٹلی کے قریبی دوست ستیش جیکب نے میڈیا کو بتایا کہ مارک کا اتوار دوپہر میکس ہاسپٹل میں انتقال ہو گیا۔ 24 اکتوبر 1935 کو کولکاتہ (اس وقت کلکتہ) میں پیدا ہوئے مارک ٹلی 22 سالوں تک بی بی سی کے نئی دہلی بیورو چیف رہے۔ وہ ایک ممتاز مصنف بھی تھے اور بی بی سی ریڈیو۔4 کے مشہور پروگرام ’سمتھنگ انڈراسٹوڈ‘ کے پریزنٹر بھی رہے۔مارک ٹلی 4 سال کی عمر میں دارجلنگ کے ایک برٹش بورڈنگ اسکول پہنچے اور 9 سال کی عمر میں مزید تعلیم کیلئے برطانیہ چلے گئے۔ انہوں نے ہیمپشائر کے ٹوائفورڈ اسکول، مارلبورو کالج اور کیمبرج کے ٹرنٹی ہال میں تعلیم حاصل کی جہاں انہوں نے تھیولوجی (مذہبی علوم) کا مطالعہ کیا۔ کیمبرج میں اپنی تعلیم کے بعد مارک ٹلی نے ’چرچ آف انگلینڈ‘ میں پادری بننے کی خواہش ظاہر کی لیکن لنکن تھیولوجیکل کالج میں 2 سمیسٹر کے بعد انہوں نے یہ ارادہ ترک کر دیا تھا۔