معروف فیشن میگزین میں پہلی بار سیاہ فام خاتون کو اعلیٰ ترین عہدہ

   

واشنگٹن۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) ملٹی نیشنل معروف فیشن میگزین ’’ہارپر بازار‘‘ نے اپنی 150 سالہ تاریخ میں پہلی بار سیاہ فام خاتون کو اعلیٰ ترین یعنی ایڈیٹر ان چیف کے عہدے پر فائز کردیا۔ہارپر بازار امریکہ سے شروع ہونے والا ملٹی نیشنل فیشن میگزین ہے، جس کے اس وقت برطانیہ سمیت دیگر ممالک سے الگ الگ ایڈیشن نکلتے ہیں جب کہ مذکورہ میگزین کی انگریزی اور عربی زبان کے علاوہ دیگر زبانوں میں بھی اشاعت ہوتی ہے۔یہ میگزین ہرسٹ کمیونی کیشن کمپنی کی ملکیت ہے جو کہ متعدد اخبارات، میگزین اور ٹی وی چینلز کی شریک کمپنی ہے، اس کمپنی کے والٹ ڈزنی سمیت اسپورٹس کے معروف چینل ای ایس پی این میں بھی شیئر ہیں۔’’ہارپر بازار‘‘ میگزین کی مالک کمپنی کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نئی ایڈیٹر ان چیف کا ویڈیو پیغام جاری کیا گیا، جس میں سیاہ فام ایڈیٹر نے اپنا تعارف بھی کرایا۔