چنئی : تین بار کے قومی چیمپئن ، ارجن ایوارڈ یافتہ اور سابق ہندوستانی کھلاڑی وی چندر شیکھر کا چہارشنبہ کے روز کورونا کی وجہ سے انتقال ہوگیا۔ وہ 63سال کے تھے۔ پسماندگان میں ان کی بیوی اور ایک بیٹا ہے ۔ٹیبل ٹینس کی دنیا میں چندر کے نام سے مشہور چندر شیکھر نجی اسپتال میں زیر علاج تھے ۔ کووڈ 19 سے لڑتے ہوئے آج ان کی موت ہوگئی۔ وہ تمیجھاگا ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر تھے ۔ وہ چنئی کے موگاپیر میں واقع ایس ڈی اے ٹی میڈیمکس ٹیبل ٹینس اکیڈمی میں ڈائریکٹر اور ہیڈ کوچ تھے جس نے بہت سے بہترین کھلاڑیوں کو تیار کیا ہے۔ موجودہ ہندوستانی کھلاڑی جی ستین ان کے ایک ٹرینی میں شامل ہیں۔ بین الاقوامی اسٹار کھلاڑی جیسے ایس رمن ، اروول سیلوی ، چیتن ببور ، این آر اندو ، ایم ایس میتھلی اور پریش ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہیں چندرا نے تیار کیا تھا۔ وہ کامیاب کوچ بھی تھے ۔ ٹیبل ٹینس دنیا نے ان کے انتقال پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔