حیدرآباد ۔ 31 ڈسمبر (سیاست نیوز) معروف ٹیلی ویژن اداکارہ نندنی نے خودکشی کرلی۔ ٹامل، تلگو اور کنڑ ٹی وی سیریلز میں اپنی اداکاری کے لئے مشہور نندنی نے بنگلور میں انتہائی اقدام کرلیا۔ پولیس نے اداکارہ کی ڈائری کو ضبط کرلیا ہے ۔ 27 سالہ نندنی کی خودکشی سے فلمی دنیا میں سنسنی پیدا ہوگئی۔ ٹیلی ویژن سیریلز میں اپنی ایک منفرد پہچان بناتے ہوئے جنوبی ہند کی تینوں علاقائی زبانوں میں اپنی اداکاری کا جلوہ دکھانے والی نندنی کے متعلق ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ نندنی نے نجی مسائل سے تنگ آکر انتہائی اقدام کرلیا۔ کینگیری پولیس نے نندنی کے انتہائی اقدام کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ نندی کے خودکشی نوٹ کے مطابق مبینہ طور پر والدین کی جانب سے اس کی مرضی کے خلاف شادی کے لئے دباؤ ڈالا جارہا تھا۔ وہ اس وقت ٹامل سیریئل ’گوری ‘ میں چیالنجنگ رول ادا کررہی تھیں اور اس کی اداکاری کے چاہنے والوں کی جانب سے زبردست ستائش کی جارہی تھی۔ تاحال نندنی کی خودکشی کی وجوہات سے متعلق سرکاری طور پر کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
