معروف ٹی وی اینکررویش کمار کو رریمن میگ سیسے ایوارڈ

,

   

منیلا 2 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے سینئر صحافی رویش کمار کو جاریہ سال کا ریمن میگ سیسے ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ہے جو نوبل انعام کا ایشیائی متبادل سمجھا جاتا ہے ۔ 44 سالہ رویش کمار این ڈی ٹی وی انڈیا کے سینئر ایگزیکیٹیو ایڈیٹر ہیں اور وہ ہندوستان کے سب سے با اثر ٹی وی صحافی سمجھے جاتے ہیں۔ ریمن میگ سیسے ایوارڈ کے توصیف نامہ میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ اس ایوارڈ کیلئے پانچ افراد کا انتخاب کیا گیا ہے جن میں رویش کمار بھی شامل ہیں۔ رویش کمار بہار میں جیتوار پور میں پیدا ہوئے تھے ۔ انہوں نے این ڈی ٹی وی میں 1996 میں ایک فیلڈ رپورٹر کی حیثیت سے شروعات کی تھی اور اب وہ اس چینل کے ایگزیکیٹیو ایڈیٹر ہیں۔ این ڈی ٹی وی کی جانب سے اپنے 24 گھنٹوں کے ہندی نیوز چینل این ڈی ٹی وی انڈیا کا آعاز کیا گیا تو انہیں ان کا خود کا شو پرائم ٹائم دیدیا گیا تھا ۔ رویش کمار کا پرائم ٹائم پروگرام حقیقی زندگی کے مسائل ‘ ایسے واقعات جن پر کوئی توجہ نہیں دیتا اور عام آدمی کی مشکلات کو اجاگر کیا جاتا ہے ۔ توصیف نامہ میں کہا گیا کہ اگر آپ عوام کی آواز بن جاتے ہیں تو آپ صحافی ہیں۔ توصیف نامہ کے بموجب رویش کمار ایک انتہائی معتبر ‘ بردبار اور باخبر صحافی ہیں۔