معشوقہ کا گلا کاٹنے کے بعد عاشق کا اقدام خود کشی

   

شادی سے انکار پر برہم نوجوان کا اقدام۔لڑکی کی حالت تشویشناک
حیدرآباد ۔9جولائی ( سیاست نیوز) دلسکھ نگر کے علاقہ میں ایک عاشق نے معشوقہ کاگلا کاٹ کر خود بھی خودکشی کی کوشش کی ۔ تاہم دونوں کو ہاسپٹل منتقل کیا گیاہے جہاں لڑکی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جبکہ حملہ آور عاشق بھی زیر علاج ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آج صبح وینکٹیش اور مانسی نے دلسکھ نگر کے علاقہ میں لاج میں کمرہ حاصل کیا اور وہاں قیام کیا ۔ کچھ دیر بعد چیخ و پکار سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ، لاج کے ذمہ داروں نے کمرے میں جاکر دیکھا تو مانسی شدید زخمی حالت میں پڑی تھی جس کا گلہ کٹا ہوا تھا جبکہ وینکٹیش ہاتھ میں خود کو زخمی کرچکا تھا ۔ دونوں کی عمریں 22سال بتائی گئی ۔ دونوں میں معاشقہ چل رہا تھا۔ ذرائع کے مطابق مانسی نے شادی سے انکار کردیا تھا ۔ یہ بات وینکٹیش کو پسند نہیں آئی اور وہ اپنی محبوبہ کو وعدہ یاد دلا رہا تھا ۔ تاہم لڑکی خوشگوار انداز میں علحدگی اختیار کررہی تھی اور وینکٹیش کی ہر بات مان رہی تھی ۔ وہ بڈنگ پیٹ سے دلسکھ نگر اپنے عاشق کے بلانے پر آئی تھی ۔ تاہم لڑکی نے لاج پہنچتے ہی اپنے والد کو سیل فون کے ذریعہ لوکیشن شیئر کردیا تھا جس سے اس کی کیفیت کا اندازہ ہوتا ہے ۔ پولیس سمجھتی ہے کہ لاج میں دونوں میں بحث و تکرار ہوئی جس کے بعد وینکٹیش نے مانسی پر حملہ کردیا اور اس حملہ کوپولیس منصوبہ بند حملہ تصور کرتی ہے چونکہ شادی سے انکار کے بعد عاشق ذہنی بے چینی کا شکار ہوگیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ وینکٹیش آندھراپردیش کے نیلور سے تعلق رکھتا ہے جبکہ لڑکی بڈنگ پیٹ میں رہتی ہے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔