معطل سرکاری عہدیداروں کو بحال کرنے کا جھانسہ ، شاطر شخص گرفتار

   

حیدرآباد /8 ستمبر ( سیاست نیوز ) معطل سرکاری عہدیداروں کی بحالی کا جھانسہ دیکر سرکاری ملازمین کو لوٹنے والے شاطر شخص کو سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ سریش کمار چاری کو سائبرآباد پولیس نے گرفتار کرلیا جو خود کو ویجلنس اور جی اے ڈی ڈپارٹمنٹ سے ظاہر کر رہا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ سریش کمار ہر دن کم از کم تین افراد کو دھوکہ دہی کا شکار بناتا تھا ۔ ضلع کریم نگر سے تعلق رکھنے والا یہ شاطر تحصیلدار آفس میں بحیثیت کنٹراکٹ ملازم خدمات انجام دیتا تھا ۔ سال 2008 سے اس کے خلاف 9 مقدمات درج ہیں ۔ جو پہلے سرکاری ملازمتیں دلانے کا جھانسہ دیکر بے روزگاروں کو دھوکہ دے رہا تھا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس سائبر کرائم روہنی پریہ درشنی نے بتایا کہ جاریہ ماہ تین تاریخ کو سریش نے ضلع رنگاریڈی کلکٹریٹ فون کیا اور سکریٹریٹ کے ویجلنس اور جی اے ڈی ڈپارٹمنٹ کی شناخت ظاہر کی اور سرکاری عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر ان تمام عہدیداروں اور ملازمین کی فہرست روانہ کرے جو اے سی بی کی کارروائی میں معطل ہوچکے ہیں ۔A