معطل سرکل انسپکٹر نے بندوق کی نوک پرملزم کی بیوی کی عصمت ریزی کی

   


پولیس تحقیقات میں چونکا دینے والا انکشاف ، مجسٹریٹ کی موجودگی میں متاثرہ خاتون کا بیان قلمبند
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ونستھلی پورم پولیس کی تحقیقات میں چونکا دینے والا انکشاف ہوا ہے کہ حیدرآباد کے ماریڈ پلی پولیس اسٹیشن کے سابق اسیشن ہاوز آفیسر ( ایس ایچ او ) کے ناگیشور راؤ نے ایک ملزم کی بیوی کو بندوق کی نوک پر ڈرا دھمکا کر عصمت ریزی کی ہے ۔ معطل شدہ سرکل انسپکٹر نے اپنی حراست کے دوران پولیس تفتیش میں اعتراف کیا کہ اس متاثرہ خاتون سے اس کے ناجائز تعلقات تھے ۔ ڈاکٹروں نے ان کی جنسی طاقت کا ٹسٹ کیا اور ڈاکٹروں نے بھی عصمت ریزی کی تصدیق کی ہے ۔ اس کے علاوہ ایس پی عہدے کی ایک خاتون پولیس عہدیدار نے مجسٹریٹ کی موجودگی میں متاثرہ خاتون کا بیان ریکارڈ کیا ہے ۔ معطل شدہ سرکل انسپکٹر نے متاثرہ کی کنپٹی پر بندوق رکھ کر اس کی عصمت ریزی کی ۔ ثبوتوں پر مشتمل رپورٹ تیار کی گئی ہے ۔ زیر التواء دوسرے بیانات کو جلد از جلد قلمبند کرتے ہوئے چارج شیٹ داخل کرنے کی ونستھلی پورم پولیس تیاری کررہی ہے ۔ بندوق کی نوک پر ملزم کی بیوی کے ساتھ عصمت ریزی کرنے والے سابق سرکل انسپکٹر نے تفتیش کے دوران پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ۔ عصمت ریزی کرنے کے دوران بندوق ان کے ساتھ تھی تاہم انہوں نے پولیس کو بتایا کہ بندوق پولیس اسٹیشن میں ایک پولیس عہدیدار کے پاس جمع کردی گئی تھی ۔ پولیس نے ماریڈ پلی پولیس اسٹیشن کا ریکارڈ چک کیا اور سی سی کیمرے کو دیکھا تو پتہ چلا کہ معطل شدہ سرکل انسپکٹر نے دوسرے دن پولیس اسٹیشن میں بندوق جمع کرائی تھی ۔ جس دن واقعہ پیش آیا وہ پولیس اسٹیشن نہیں پہونچا تھا ۔ سرکل انسپکٹر کے فون لوکیشن سے پتہ چلا ہے کہ وہ اس وقت گھر میں تھا جس سے پولیس نے ناگیشور راؤ پر جھوٹا بیان دستاویزات اور ثبوتوں کو نقصان پہونچانے کی کوشش کرنے کا بھی مقدمہ درج کیا ہے ۔ ایک اعلیٰ پولیس عہدیدار نے بتایا کہ سرکل انسپکٹر نے متاثرہ خاتون سے اپنے ناجائز تعلقات کا ثبوت پیش کرنے میں بھی ناکام رہا ہے ۔ سرکل انسپکٹر کے فون کال ریکارڈ کا جائزہ لینے پر متاثرہ خاتون سے بات چیت کرنے کا کوئی ریکارڈ دستیاب نہیں ہوا ہے ۔ اس مسئلہ پر جب معطل شدہ سرکل انسپکٹر سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاتون سے وہ صرف واٹس اپ کال اور میسجیس کیا کرتا تھا ۔ پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کا فون فارنسک لیاب کو روانہ کیا گیا ہے ۔ ہنوز اس کی رپورٹ وصول نہیں ہوئی ۔۔ ن