معطل سینئر آئی پی ایس عہدیدار کی فوری بحالی کی ہدایت

   

حکومت آندھرا پردیش کے اقدام کے خلاف ہائی کورٹ کا فیصلہ
حیدرآباد۔/22 مئی، ( سیاست نیوز) حکومت آندھرا پردیش کو آج اس وقت دھکہ لگا جب ایک سینئر آئی پی ایس عہدیدار کی معطلی کے احکامات کو اے پی ہائی کورٹ نے کالعدم کرکے فوری بحال کرنے احکامات جاری کئے۔ سابق انٹلیجنس سربراہ جو اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس رتبہ کے عہدیدار ہیں کو اے پی حکومت نے انٹلیجنس میں استعمال کئے جانے والے آلات کی خریدی میں دھاندلی کے الزام میں معطل کردیا تھا۔ فیصلہ کے خلاف مسٹر وینکٹیشور راؤ سنٹرل ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل سے رجوع ہوئے تھے لیکن انہیں وہاں کوئی راحت نہ مل سکی اور کیاٹ نے حکومت کے فیصلہ کو درست قرار دیا تھا۔ چندرا بابو نائیڈو حکومت میں انٹلیجنس عہدہ پر فائز رہنے والے آئی پی ایس عہدیدار اے بی وینکٹیشورراؤ کو آندھرا پردیش حکومت نے معطل کرتے ہوئے ان کی تنخواہ بھی روک دی تھی لیکن ہائی کورٹ نے اپنے احکام میں یہ ہدایت دی ہے کہ معطل شدہ آئی پی ایس عہدیدار کو فوری بحال کرتے ہوئے ان کی مکمل تنخواہ ادا کی جائے۔