تلنگانہ ہائی کورٹ چیف جسٹس کا مشورہ
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے معطل شدہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تحقیقات کا سامنا کرتے ہوئے خود کو بے قصور ثابت کریں۔ اینٹی کرپشن بیورو نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کو غیر محسوب اثاثہ جات کے معاملہ میں ایف آئی آر درج کرتے ہوئے گرفتار کیا ہے۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج سے کہا کہ وہ تحقیقات کا سامنا کریں اور خود کو بے قصور ثابت کریں۔ یہی چیز عدلیہ کے لئے بہتر ہوگی ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج رنگا ریڈی ورا پرساد نے اے سی بی کے مقدمہ کو کالعدم قرار دینے کیلئے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ اے سی بی نے کارگزار چیف جسٹس ہائی کورٹ سے اجازت حاصل کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ جج کو نومبر 2018 ء میں گرفتار کیا تھا۔ ورا پرساد کو ہائی کورٹ نے معطل کردیا ۔ چیف جسٹس کے ریمارکس کے بعد ورا پرساد کے وکیل نے درخواست واپس لینے کی اجازت طلب کی جسے ہائی کورٹ نے منظوری دے دی۔