معظم جاہی مارکٹ روڈ پر گندے پانی کا بہاؤ

   

Ferty9 Clinic

کچہرے کے انبار سے بدبو اور تعفن ، جی ایچ ایم سی خواب غفلت میں
حیدرآباد۔26جولائی (سیاست نیوز) شہر میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے صفائی کے اقدامات کو بہتر بنانے کے علاوہ کچہرے کی نکاسی اور مچھروں کی کثرت کو دور کرنے کیلئے مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کے اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن شہر حیدرآباد کی مرکزی سڑک جہاں سے کئی ایک اہم شخصیتوں کا گذر ہوتا ہے اس سڑک پر کچہرے کے انبار اور گندے پانی کے بہاؤ کے سبب حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہوچکی ہے ۔جامباغ سے معظم جاہی مارکٹ کی سڑک پر گندے پانی کے بہاؤ اور پانی کے جمع ہونے کے سلسلہ میں محکمہ آبرسانی اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو کی گئی شکایت کے باوجود گذشتہ تین یوم سے پانی جمع ہے اورصفائی کے کوئی انتظامات نہیں کئے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف راہگیروں کو بدبو وتعفن کا سامنا کرنا پڑرہا ہے بلکہ مقامی تاجرین کو بھی سخت دشوار کن حالات کا سامنا ہے۔گندہ پانی کے مسلسل بہاؤ کے سبب سڑک کے کنارے ڈالے جانے والے کچہرے کی عدم نکاسی کے سبب اس مصروف ترین سڑک پر کچہرے کا انبار لگ چکا ہے اور مقامی شہریوں نے شکایت کی کہ گذشتہ دو یوم سے کچہرے کی نکاسی عمل میں نہیں لائی گئی ۔اس سلسلہ میں دریافت کرنے پر اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ مسلسل گندے پانی کے بہاؤ اور پانی جمع ہونے کے سبب کچہرے کی نکاسی کرنے والے عملہ نے کچہرے منتقل نہیں کیا ہے۔