معظم جاہی مارکٹ چوراہاپر آر ٹی سی بس اُلٹ گئی

,

   

Ferty9 Clinic

تیز رفتار ریت کی لاری کی ٹکر سے حادثہ،7مسافر زخمی
حیدرآباد ۔ 3جولائی ( سیاست نیوز) شہر میں تیز رفتار اور بے ڈھنگی ڈرائیونگ کا رجحان عام ہوگیا ہے جس کے نتیجہ میں کئی مہلک سڑک حادثات رونما ہورہے ہیں ۔ قلب شہر معظم جاہی مارکٹ میں پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں تیز رفتار ریت کی لاری کی ٹکر سے آر ٹی سی بس اُلٹ گئی اور 7 مسافر زخمی ہوگئے ۔ اس واقعہ کے بعد معظم جاہی علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور تین گھنٹوں کی کوششوں کے بعد حادثہ کا شکار ہونے والی بس کو جائے حادثہ سے ہٹایا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سرویس کی ایک بس آج صبح 4:45 بجے گولی گوڑہ مہاتما گاندھی بس اسٹیشن سے عادل آباد کیلئے 18مسافرین کے ساتھ روانہ ہوئی تھی اور معظم جاہی مارکٹ پہنچتے ہی نامپلی کی سمت جانے والی تیز رفتار ریت کی لاری نے اس بس کوٹکر دے دی ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ لاری اس قدر تیز رفتاری سے چلائی جارہی تھی کہ آر ٹی بس کو ٹکر دیتے ہی بس اُلٹ گئی ۔ اس حادثہ کے بعد مسافرین مدد کیلئے پکارنے لگے اور وہاں موجود افراد بشمول جام باغ کے میوہ فروش پولیس کو اطلاع دی ۔ اس حادثہ کی اطلاع ملنے پر بیگم بازار پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہنچ گئی اور بس میں پھنسے ہوئے مسافرین کو باہر نکالا اور 7 زخمیوں کو دواخانہ عثمانیہ علاج کیلئے منتقل کیا ۔ر ٹریفک پولیس عملہ بھی وہاں پہنچ کر ایک بڑے کرین کو طلب کیا گیا اورا س کے ذریعہ آر ٹی بس کو جائے حادثہ سے ہٹایا گیا ۔حادثہ کا شکار آر ٹی سی بس جو سڑک پر اُلٹ گئی تھی ، اُسے دیکھنے کیلئے معظم جاہی مارکٹ چوراہے پر لوگ جمع ہوگئے ۔ بیگم بازار پولیس نے بتایا کہ لاری ڈرائیور نریش انتہائی تیز رفتاری سے لاری چلارہا تھا اور اُس نے بس کو ٹکر دے دی ۔ پولیس نے لاری ڈرائیور نریش کو گرفتار کرلیا اور ریت کی لاری بھی ضبط کرلی ۔