پرنسپل سیکریٹری اروند کمار نے مشرف فاروقی کے ہمراہ مرمتی کاموں کا جائزہ لیا
حیدرآباد۔13جون(سیاست نیوز) معظم جاہی مارکٹ کی عمارت کی مرمت کے کاموں کو مانسون کی آمد سے قبل مکمل کرلیا جائے اور ان کاموں میں تیزی لانے کیلئے تیز رفتار اقدامات کئے جائیں۔ مسٹر اروند کمار پرنسپل سیکریٹری ریاستی محکمہ بلدی نظم ونسق نے آج زونل کمشنر مسٹر مشرف فاروقی کے ہمراہ معظم جاہی مارکٹ کی چھت پر جاری مرمتی کاموں کا جائزہ لیا ۔ عہدیداروں نے مسٹر اروند کمار کو بتایا کہ چھت سے پانی کے پجرنے کی شکایت کو دور کرنے کے لئے کئے جانے والے مرمتی کاموں کو 95فیصد مکمل کرلیا گیا ہے۔ مسٹر اروند کمار نے ان کاموں کا جائزہ لینے کے بعد عمارت پر کی جانے والی لائٹنگ کیلئے عمارت کو کسی قسم کا نقصان پہنچانے کے خلاف سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ روشنیوں کے انتظام کیلئے عمارت سے چھیڑ چھاڑ نہ کی جائے ۔انہو ںنے تمام دکانداروں کو ہدایت دی کہ وہ یکساں نمونہ کے سائن بورڈ آویزاں کریں بصورت دیگر ان کے سائن بورڈ کو نکال دیا جائے گا۔انہوں نے آثار قدیمہ کی فہرست میں شامل اس عمارت کی خوبصورتی میں اضافہ اور اس کے تحفظ کے اقدامات کے سلسلہ میں کی جانے والی کاروائیوں پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جلد ان کاموں کو مکمل کرتے ہوئے شہر کے تفریحی مراکز میں ایک اور مقام کے اضافہ کو ممکن بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔عہدیداروں نے انہیں معظم جاہی مارکٹ کی گھڑیال کی بار بار مرمت کے مسئلہ سے واقف کروایا جس پر انہوںنے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ متعلقہ عہدیداروں کو فوری گھڑیال تبدیل کرنے کے احکام جاری کئے جائیں۔ مسٹر اروند کمار نے معظم جاہی مارکٹ میں موجود دکانداروں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے کاروبار کی صورتحال کے متعلق آگہی حاصل کی جس پر تاجرین نے بتایا کہ معظم جاہی مارکٹ کی تزئین کے کاموں کے سبب عوام کی آمد و رفت میں کافی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
