TRT-2024 کی مفت کوچنگ کلاسس کی اختتامی تقریب سے پروفیسر ایس ۔ اے ۔ شکور کا خطاب
حیدرآباد : /24 جولائی ۔ ( راست ) پیشہ تدریس آسمانی پیشہ ہے ایک معلم کی ذمہ داری صرف نصاب کی تکمیل ہی نہیں ہوتی بلکہ زندگی سے جڑے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیتوں کو طالب علم میں پروان چڑھانا اور اس کی ذہن سازی کرنا اس کے بنیادی فرائض میں شامل ہے ۔ مرکز تعلیمی ترقی برائے اقلیتی طبقات سی ای ڈی ایم ، عثمانیہ یونیورسٹی کے مختلف پروگرامس کامیابی کے ساتھ رواں دواں ہیں اور خصوصاً DSC/TRT کی مفت کوچنگ نے آج سماج کو کئی قابل اساتذہ دیئے ہیں ۔ نیز کوچنگ میں وہ اساتذہ بھی شامل خدمت ہیں جو کبھی اس کوچنگ کے طالب علم رہ چکے ہیں ۔ فی زمانہ اردو زبان میں تعلیمی مواد کی عدم دستیابی ہمیشہ ہی مسئلہ رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم نے نظام کالج میں TRT-2024 کی مفت کوچنگ کلاسس کی اختتامی تقریب میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جو بھی ترقی یافتہ قوم نظر آتی ہے ان کی ترقی کا راز دراصل مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنا ہے ۔ اگر ہمیں بھی ترقی کی بلندیوں کو چھونا ہے تو پھر ہم کو بھی مادری زبان میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کو فوقیت دینا لازمی ہے ۔ سید اصغر ڈائٹ لکچرر نے کہا کہ سی ای ڈی ایم کی جانب سے کوچنگ و تعلیمی مواد کی بروقت فراہمی قابل قدر ہے ۔ محمد عبدالصمد لکچرر ڈائٹ نے کہا کہ جماعت واری تعلیم کی اہمیت کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جانا چاہئیے کیونکہ اساتذہ کے لکچرس ان کے تجربات کا نچوڑ ہوتے ہیں ۔ شاہد علی حسرت نے کہا کہ طلباء اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس امتحان میں کامیابی کے ذریعہ اپنے مستقبل کو روشن کریں ۔ سید رؤف ریحان نے کہا کہ تلنگانہ کی تاریخ آج اہمیت کی حامل ہے اور اس پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ مسرت سلطانہ سی ای ڈی ایم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کی تعلیمی ترقی میں ادارہ کلید کی حیثیت رکھتا ہے ۔ ڈاکٹر محمد عظمت اللہ خاں نے کہا کہ طلباء اس امتحان میں کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے شبانہ روز محنت اور جستجو سے ریاضت کریں ۔ ڈاکٹر سید احمد پرجیکٹ آفیسر سی ای ڈی ایم نے کہا کہ مسابقتی امتحان میں کامیابی یوں ہی حاصل نہیں ہوتی بلکہ منزل کو پانے کیلئے صحیح کوچنگ و تعلیمی مواد کا مطالعہ بھی ناگزیر ہے ۔ ڈاکٹر سی ایم بشیر الدین پروجیکٹ آفیسر نے کہا کہ پروفیسر ایس ۔ اے ۔ شکور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم کی زیرسرپرستی مرکز تعلیمی ترقی برائے اقلیتی طبقات رفعتوں کی جانب گامزن ہے اور ریاست کے ایسے اضلاع جہاں اقلیتوں کی آبادی زیادہ ہے وہاں بھی مرکز کی جانب سے کوچنگ کا اہتمام یقیناً پروفیسر ایس اے شکور ، ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم کی بصیرت کا بین ثبوت ہے ۔ طالبہ عتیقہ بیگم نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔