سہولت بخش رہنمائی ضروری ، اقدامات کرنے چیف منسٹر سے سیدقیصر اقلیتی قائد کی اپیل
نظام آباد :3 ؍ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )سید قیصر ریاستی جوائنٹ کنونیر الیکشن تشہیر کمیٹی کانگریس نے ریاستی حکومت کی جانب سے ماہانہ وظیفہ کی اجرائی کیلئے تاریخ اور مقام مختص نہ کرنے سے ضعیف وظیفہ دہندگان کو ہورہی مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اپیل کی کہ ماہانہ وظیفہ کی اجرائی کی تاریخ مقرر کی جائے مقام کو مختص کیا جائے یا وظیفہ دہندگان کو راست ان کے اکائونٹ میںرقم منتقل کی جائے ۔ سید قیصر نے کہا کہ سابق بی آرایس دور حکومت میں ماہانہ وظیفہ کی اجرائی کے سلسلہ میں تاریخ مقرر نہیں کی جارہی تھی اور نہ ہی مقام کو طئے کیا جارہا تھا جس کی وجہ سے وظیفہ کے حصول کیلئے وظیفہ دہندگان کو در در بھٹکنا پڑرہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پوسٹ آفس کے ذریعہ ماہانہ وظیفہ اجراء کررہی ہے لیکن ہر مہینہ کی ایک تاریخ مقرر نہیں کی جارہی ہے اور نہ ہی علاقہ کی مناسبت سے پوسٹ آفس کو طئے کیا جارہا ہے ہر مہینہ وظیفہ دہندگان کو یہ علم نہیں ہوتا کہ کونسی تاریخ کو وظیفہ اجراء کیا جائیگا اور کونسے پوسٹ آفس پر وظیفہ حاصل ہوگابلکہ یہ ضعیف وظیفہ دہندگان ایک سے دوسری پوسٹ آفس سے رجوع ہوتے ہوئے رقم سے متعلق دریافت کرتے ہوئے تھک جاتے ہیں دور دراز مقامات بلکہ ایک منڈل سے دوسرے منڈل میں قائم پوسٹ آفس پر وظیفہ دئیے جانے کی اطلاع دئیے جانے سے وظیفہ دہندگان جو ضعیف ہوتے ہیں دور دراز مقام کے پوسٹ آفس پر پہنچ کر ماہانہ وظیفہ حاصل کرنے پر مجبور ہورہے ہیں ۔سید قیصر نے اس سلسلہ میں نظام آباد میونسپل انچارج گوردھن گوڑ سے ربط پیدا کرنے پر انہوں نے کہا کہ حکومت کے احکامات کے مطابق ہی ماہانہ وظیفہ اجراء کیا جارہا ہے ۔سید قیصر نے وظیفہ کی اجرائی کیلئے دن ، تاریخ اور مقام مقرر نہ کرنے سے متعلق دریافت کرنے پر انہوں نے یہی جواب دیا کہ حکومت کے احکامات کے مطابق ہی یہ سارا معاملہ چل رہا ہے۔ سید قیصر نے ریونت ریڈی جو عوام دوست چیف منسٹرہیں ان سے اپیل کی کہ معمرین کو ماہانہ وظیفہ کی اجرائی میں نئی گائیڈ لائن جاری کرتے ہوئے دن ، تاریخ اور مقام مقرر کیا جائے یا پھر راست وظیفہ دہندگان کے اکائونٹ میں رقم منتقل کی جائے ۔
