کورونا سے بچانے اور قوت مدافعت میں اضافہ کیلئے اقدامات
حیدرآباد۔حکومت کی جانب سے جلد ہی 50 سال سے زائد عمر والوں کے علاوہ جن کو بلڈ پریشر اور شوگر و قلب و گردے کے امراض ہیں انہیں کورونا ٹیکہ دیا جائیگا اور کورونا سے محفوظ رکھنے کوششوں کا آغاز کیا جائیگا۔ حکومت سے مارچ میں معذورین اور ضعیف افراد کو ٹیکہ دینے کا منصوبہ تھا لیکن ملک کی مختلف ریاستوں بالخصوص مہاراشٹرا‘ کیرالا ‘کرناٹک وغیرہ میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے جلد ضعیف اور مختلف عوارض میں مبتلاء افراد کو بھی ٹیکہ اندازی میں شامل کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق 50 سال سے زائد عمر کے شہریوں کیلئے ٹیکہ اندازی کا محکمہ صحت کی جانب سے جائزہ لیا جا رہاہے ۔ کہا جار ہاہے کہ ان تمام کو ٹیکہ اندازی کے ذریعہ قوت مدافعت میں اضافہ اور بہتری کے اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے آج جائزہ اجلاس میں اس پر تبادلہ ٔ خیال کیا اور کہا جا رہاہے کہ تلنگانہ میں جاریہ ماہ کے اواخر میں ہی 50سال سے زائد عمر کے حامل افراد کے علاوہ دیگر عوارض میں مبتلاء شہریوں کو ٹیکہ اندازی شروع کی جائیگی ۔ حکومت کے منصوبہ میں ان تمام مریضو ںکو شامل کیا جا رہاہے جو کہ اعضائے رئیسہ سے متعلق امراض کا شکار ہونے کے علاوہ بلڈ پریشر اور شوگر میں مبتلاء ہیں۔ حکومت سے تلنگانہ کو کورونا سے محفوظ بنانے ممکنہ اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے اور مرکز کی جانب سے ٹیکہ اندازی کی ہدایات کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا کہ ٹیکہ اندازی کو تیز کیا جائے ۔