نظام آباد۔16 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نظام آباد ضلع کے مرکزی سرکاری اسپتال میں علاج کے دوران انتقال کرنے والے ایک معمر لاوارث مسلم شخص کی لاش کو ایم پی جے (موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس) اور اندور یوتھ کے رہنماؤں نے مشترکہ طور پر اسلامی طریقے کے مطابق کفن و نماز جنازہ کے ساتھ سپرد خاک کر دیا۔یہ بزرگ شخص جن کے کوئی اہل خانہ نہیں تھے، ان کے انتقال کے بعد پولیس کی اطلاع پر ایم پی جے اور اندور یوتھ کے کارکنان نے یہ انسانیت کے جذبے سے بھرپور قدم اٹھایا۔ چہارشنبہ کے روز نئے قبرستان میں ان کی تدفین کا عمل مکمل کیا گیا۔اس موقع پر ایم پی جے کے ریاستی کمیٹی کے رکن شیخ حسین نے کہا کہ قبرستان کمیٹی کے تعاون سے یہ خدمات کامیابی سے انجام پائی ہیں۔ اندور یوتھ کے صدر صاحب بابا نے کہا کہ مذہبی اور ذات پات سے بالاتر ہو کر اب تک 118 لاوارث لاشوں کی آخری رسومات انجام دی جا چکی ہیں۔اس موقع پر پروین، سائی تیجا، گنگا دھر، ایم پی جے کے صدر ظہیرالدین، جنرل سیکریٹری سجاد علی، نائب صدر روپیش ریڈی، اراکین انور علی، رفیق، شیخ غوث اور دیگر افراد موجود تھے۔