بودھن میں یوم برقی صارفین پروگرام سے ڈیویژنل آفیسر محمد مختار کا خطاب
بودھن : 3 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آج دفتر محکمہ برقی بودھن ڈیویژن آفس میں یوم برقی صارفین کے اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر ڈیویںنل آفیسر محمد مختار نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج تین نومبر کو الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ ہر سال آج ہی کے روز یوم برقی صارفین کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں برقی کے استعمال کے تعلق سے عوام میں بیداری لانے اہم مشورے دیئے جاتے ہیں۔ ڈی ای نے اپنے خطاب میں کہا کہ لوگ اپنے مکانات کی تعمیر کا آغاز کرنے سے قبل اپنے پلاٹس پر سے یا پلاٹوں کے قریب سے گزرنے والے برقی تاروں کو نظرانداز کردیتے ہیں جس کی وجہ سے بعض مقامات پر حادثات رونما ہوتے ہیں جس میں جانیں بھی ضائع ہوسکتی ہیں۔ محمد مختار نے کہا کہ عام طور پر صارفین گھروں میں لاپرواہی سے برقی کا استعمال کرتے ہیں جسے نہانے کے دوران گیزر کا سویچ چالو رکھتے ہیں گرما میں کولرس اور برقی موٹروں کا زیادہ تر استعمال ہوتا ہے اس دوران جہاں تک بھی ہوسکے برقی بند کرکے ہی کولرس برقی موٹرس وغیرہ کو چھونا چاہئے۔ معمولی احتیاط سے بڑے سے بڑا حادثہ ٹل سکتا ہے۔ ڈی ای نے بتایا کہ بعض مقامات پر ٹرانسفارمر سڑکوں کے کنارے موجود ہوتے ہیں راہ گیروں کو ٹرانسفارمرس کے قریب جانے سے گریز کرنا چاہئے۔ ڈی ای نے محکمہ برقی کی جانب سے جہاں کہیں سڑکوں کے قریب ٹرانسفارمرس ہیں انہیں اونچا اٹھانے کے لیے پلاٹ فارمس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ محمد مختار نے کہا کہ اگر کسی صارف یا عام شہری کو برقی کھمبے ہو یا برقی وائروں سے گزرنے کے تعلق سے کوئی شکایت ہو تو وہ راست ڈیویژن آفیس پہنچ کر یا ٹول فری نمبر 1912 پر اپنی شکایت پیش کرسکتے ہیں۔ ڈی ای نے کہا کہ آج یوم صارفین کے روز جو بھی شکایتیں موصول ہوئی ان کی فوری طور پر یکسوئی عمل میں لائی جائے گی۔