حیدرآباد : /8 اپریل (سیاست نیوز) ٹولی چوکی کے علاقہ میں واقع نائس جوس سنٹر میں قتل کی سنگین واردات پیش آئی جہاں مزدورں میں معمولی بات پر جھگڑا ہوا جو ایک مزدور کی موت کا سبب بن گیا ۔ اطلاع کے ساتھ ہی پولیس مہدی پٹنم نے مقام وار دات پہنچکر ضابطہ کی کارروائی کو انجام دیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 17 سالہ گلریز عالم اس کے ساتھی کے حملہ میں ہلاک ہوگیا ۔ واردات کل رات دیر گئے پیش آئی اور پولیس نے بھی ایک بجے رات اس کی تصدیق کی ۔ رات دیر گئے تک کاروباری ادارے کھلا رکھنے پر سوالیہ نشان اور یہ واقعہ پولیس کی چوکسی اور کارکردگی پر بھی سوالات پیدا کررہا ہے ۔ اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس آصف نگر ڈیویژن بی کشن نے بتایا کہ کل رات جوس سنٹر بند ہونے کے بعد تقریباً دیڑھ تا دو بجے کے درمیان ورکرس کے درمیان جھگڑا ہوا ۔ اس جوس سنٹر کی پہلی منزل پر ورکرس کو رہنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ ورکرس کے درمیان جھگڑے میں ایک ورکر نے گلریز عالم پر حملہ کردیا اور وہ اس حملہ میں ہلاک ہوگیا ۔ گلریز عالم کا تعلق بہار سے بتایا گیا ہے جو 2 ماہ قبل روزگار کے سلسلہ میں حیدرآباد آیا تھا ۔ حیدرآباد میں متوفی کا بھائی بھی کام کرتا ہے ۔ اپنے بھائی کی اچانک موت پر بڑے بھائی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ اس کے بھائی کے ساتھ انصاف کرے اور قاتل کے خلاف سخت کارروائی کرے ۔ پولیس مہدی پٹنم نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ عy /
ونستھلی پورم میں سڑک حادثہ، 3 نوجوان ہلاک
حیدرآباد۔ 8 اپریل (سیاست نیوز) حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ ونستھلی پورم پولیس اسٹیشن حدود میں واقع ہستناپورم میں خوفناک سڑک حادثہ میں تین نوجوانوں کی موت ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق ہستناپورم علاقہ میں بائیک پر مہاویر انجینئرنگ کالج کے طلباء شیوا اور سندیپ جارہے تھے کہ ایک تیز رفتار کار نے انہیں ٹکر دیدی اور پیدل چلنے والے ایک اور نوجوان کو بھی کار نے ٹکر دیدی اور انہیں تقریباً 100 میٹر تک گھسیٹتے ہوئے لیجانے کے بعد کار پلٹ گئی جس کے نتیجہ میں تینوں نوجوان ہلاک ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی کالج کے طلباء سڑک پر جمع ہوگئے اور بڑے پیمانے پر احتجاج کیا۔ طلباء کے احتجاج کو دیکھتے ہوئے پولیس کی بھاری جمعیت طلب کرلی گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔ ش؍ F