بہتر انتظامات کرنے حکومت کے دعویٰ میں کوئی صداقت نہیں : علی مسقطی
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ) : شہر میں اچانک وقوع پذیر بارش کے باعث شہر کے علاوہ نواحی علاقوں میں جس طرح تباہ کاریاں واقع ہوئی ہے ۔ اس سے حکومت تلنگانہ کے بلند بانگ دعوؤں کی قلعی کھلتی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار نائب صدر تلنگانہ تلگو دیشم مسٹر علی مسقطی نے آج کہا کہ گذشتہ دنوں بارش کے باعث پرانا شہر کی صورتحال ابتر ہوچکی ہے جگہ جگہ گندہ پانی جمع ہونے کے علاوہ ڈرینج لائن کا جگہ جگہ ابل پڑنا اور جگہ جگہ کچرے کا انبار اس بات کا پتہ دیتی ہے کہ حکومت تلنگانہ بنیادی سطح پر کس طرح کارکرد ہے ۔ علی مسقطی نے کہا کہ انہوں نے ایک مکتوب کمشنر بلدیہ کے علاوہ زونل کمشنر ساوتھ زون کو روانہ کرتے ہوئے دونوں شہروں بالخصوص پرانا شہر کی موجودہ صورتحال اور عوام کو درپیش مشکلات سے واقف کرواتے ہوئے فی الفور مذکورہ مسائل کی یکسوئی پر زور دیا ۔ علی مسقطی نے کہا کہ معمولی سی بارش ہو یا پھر ہلکی ہونے پر شہر کے مختلف علاقوں میں برقی کی مسدود ہونا معمول بن چکا ہے ۔ جب کہ حکومت بارہا بلند بانگ دعوؤں کے ذریعہ شہر کو ترقیاتی شہر میں تبدیل کیے جانے کا دعویٰ کرتی ہے لیکن حکومت دراصل عملی میدان میں صفر کے مماثل ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ شہر بالخصوص پرانا شہر کی حالت انتہائی ابتر صورتحال اختیار کرچکی ۔ علی مسقطی نے محکمہ جات برقی ، بلدی اور آبرسانی کے اعلیٰ حکام سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ عوام کے بنیادی سہولتوں کی جانب توجہ دیتے ہوئے عوام کے مسائل کی یکسوئی کو یقینی بنائیں ۔ اگر عوام کے مسائل سے توجہ دینے سے مذکورہ محکمہ جات قاصر ہوں گے تو پھر مذکورہ دفاتر میں ٹی ڈی پی مرحلہ واری طور پر شدید احتجاج دھرنے منظم کریگی ۔۔