معمولی جھگڑا فرقہ وارانہ ہوگیا ، گجرات میں مسلم مکانات نذرآتش

,

   

وڈدرا۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کے درمیان کھیل کے دوران معمولی جھگڑے نے شدت اختیار کرلی اور گجرات کے ضلع آنند میں فرقہ وارانہ جھڑپ پیش آئی۔ رپورٹس کے مطابق اتوار کی شام یہ واقعہ کھمبھٹ ٹاؤن کے محلہ اکبرپورہ میں پیش آیا۔ قابل ذکر بات یہ ہیکہ فساد اور آتشزنی کے 52 ملزمین میں سے 35 نام مسلمانوں کے ہیں۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ چنارا کمیونٹی کے کم از کم 50 لوگوں نے اکبر پورہ میں مسلمانوں کے گھروں کا گھیراؤ کیا اور شدید سنگباری کے علاوہ مسلمانوں کے 6 مکانات کو آگ لگا دی۔ مسلمانوں نے جواباً پتھراؤ کیا اور یہ سلسلہ چند گھنٹے جاری رہا۔ پولیس مقام واردات پر پہنچی اور ہوا میں سات راونڈ فائر ہے اور 22 آنسو گیس شیل بھی فائر کئے تاکہ مشتعل ہجوم کو منتشر کیا جاسکے۔ 52 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج رجسٹر کیا گیا ہے جس کے ساتھ مسلم اور چنارا برادریوں کے 800 تا 900 ہجوم کا بھی تذکرہ کیا گیا ۔ کنوینر الپ سنکھیک ادھیکار منچ ایڈوکیٹ شمشاد پٹھان نے کہا کہ جو لوگ اپنے مکانات سے محروم ہوئے انہیں ہی اس تشدد کے خاطی کے طور پر ایف آئی آر میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ اکبرپورہ گجرات کے فرقہ وارانہ حساس علاقوں میں سے ہے۔