نوجوانوں کو ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا مشورہ، محبوب نگر میں جاب میلہ سے خطاب
محبوب نگر۔/2 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) معمولی ملازمتوں کو کمتر نہ سمجھیں بلکہ موقع ملنے پر رجوع ہوجائیں۔ اس شعبہ میں مزید محنت کے ساتھ ترقی کے منازل طئے کرسکتے ہیں۔ ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے آج دوپہر مستقر محبوب نگر کے شلپا رامم میں منعقدہ میگا جاب میلہ کا شمع روشن کرکے افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مخاطبت جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے گذشتہ 9 برس میں بے شمار جاب میلے منعقد کئے اور 35 ہزار سے زائد افرا کو روزگار سے جوڑا۔ آج اس جاب میلہ میں 105 کمپنیوں نے شرکت کرکے 10 ہزار نوجوانوں کو روزگار کا موقع فراہم کیا ہے جو ہمارے لئے بڑی خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں سب سے بڑا آئی کیاریڈر جو 400 ایکر اراضی پر محیط ہے محبوب نگر میں قائم ہے جس میں ہزاروں ملازمتوں کے مواقع ہیں۔ حال ہی میں آئی ٹی کیاریڈر میں ایک سافٹ ویر کمپنی نے 750 مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا ہے۔ بیروزگار نوجوانوں کو تربیت بھی دی جارہی ہے تاکہ وہ ملازمت سے جڑ سکیں۔ بالخصوص خواتین کیلئے اسپیشل ٹریننگ کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اوقات ضائع نہ کریں بلکہ مستقبل کو سدھارنے کیلئے کسی ایک شعبہ کا انتخاب کرکے اس پر محنت کریں۔ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں نوجوانوں کو روزگار کے لئے کئی ایک مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ ریاستی وزیر نے اس موقع پر جاب میلہ میں منتخب امیدواروں کو تقررنامے بھی حوالے کئے۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر روی نائیک ، ضلع ایس پی نرسمہا، ریاستی یوتھ ویلفیر کے ڈائرکٹر وی وینکٹیشور لو، لائبریریز چیرمین راجیشور گوڑ، موڈاچیرمین گنجی وینکنا، میونسپل چیرمین نرسمہلو، ایڈیشنل کلکٹرس موہن راؤ یادیا، ڈی ایف اوستیہ نارائنا و دیگر موجود تھے۔