وزیر اعظم نریندر مودی نے وینکیا نائیڈو پر کتاب کی رسم اجراء انجام دی،صدر نشین راجیہ سبھا کے طور پر نمایاں خدمات کا تذکرہ
حیدرآباد۔/30 جون، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی نے سابق نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو کے حالات زندگی پر تحریر کردہ کتاب کی رسم اجراء انجام دی۔ وینکیا نائیڈو کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر وزیر اعظم نے نئی دہلی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ رسم اجراء انجام دی اور حیدرآباد کے گچی باؤلی میں تقریب منعقد کی گئی تھی۔ گورنر تلنگانہ سی پی رادھا کرشنن اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیتوں نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں وینکیا نائیڈو کی زندگی پر کتاب کی رسم اجراء انجام دیتے ہوئے مسرت ہورہی ہے۔ انہیں یقین ہے کہ عوام کیلئے یہ کتاب مشعل راہ ثابت ہوگی۔ وینکیا نائیڈو کی زندگی میں جہد مسلسل کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بی جے پی کے ہزاروں کارکن بشمول مجھے وینکیا نائیڈو سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ ’’ مہا نیتا ‘‘ کے عنوان سے وینکیا نائیڈو کی زندگی کے حالات پر مشتمل تصاویر اور بائیوگرافی پر مشتمل کتاب جاری کی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سابق نائب صدر جمہوریہ ہمیشہ عوامی مسائل پر واضح نظریہ رکھتے ہیں۔ معمولی کارکن سے لے کر نائب صدر جمہوریہ کے عہدہ تک انہوں نے کامیاب سفر کیا ہے۔ یکم جولائی کو وینکیا نائیڈو کی سالگرہ ہے اور ایک دن قبل کتاب کی رسم اجراء انجام دی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وینکیا نائیڈو میرے قریب ترین عزیز ہیں اور ان کی سالگرہ کے موقع پر کتاب کی رسم اجراء میرے لئے خوشی کا باعث ہے۔ انہوں نے وینکیا نائیڈو کے ساتھ اپنے طویل تجربات کا ذکر کیا اور کہا کہ ایمرجنسی کے موقع پر حکومت کے خلاف جدوجہد کے ذریعہ وینکیا نائیڈو جیل کی سزا کاٹ چکے ہیں۔ دیہی علاقوں کی ترقی اور کسانوں کی بہبود وینکیا نائیڈو کا ہمیشہ ترجیحی ایجنڈہ رہا۔ ان کے دور میں اسمارٹ سٹی، سوچھ مشن جیسے کئی پروگرام شروع کئے گئے۔ وینکیا نائیڈو نے بی جے پی اور این ڈی اے کے ایجنڈہ کو آگے بڑھانے میں اہم رول ادا کیا۔ وزیر اعظم نے یاد دلایا کہ کسی بھی سوال اور چیلنج کا صرف ایک سطر میں جواب دینا وینکیا نائیڈو کی خصوصیت رہی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ صلاحیتوں کے معاملہ میں کوئی بھی وینکیا نائیڈو کا سامنا نہیں کرسکتا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ صدر نشین راجیہ سبھا کے عہدہ پر وینکیا نائیڈو نے دستور کی دفعہ 370 کی برخواستگی کے بل کی منظوری میں اہم رول ادا کیا ہے۔ راجیہ سبھا کی کارروائی چلانے میں غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ وینکیا نائیڈو ملک اور عوام کیلئے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر وینکیا نائیڈو نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی باوقار انداز میں چلانے کی ارکان سے اپیل کی۔1