حیدرآباد ۔ /28 جنوری (سیاست نیوز) فرسٹ لانسر ہفتہ مارکٹ میں آج اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک شخص نے معمول نہ دینے پر ترکاری فروش پر چاقو سے حملہ کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد سعود انصاری اور ان کے بیٹے محمد ثاقب انصاری فرسٹ لانسر علاقہ میں ہر ہفتہ لگائی جانے والی ترکاری کی مارکٹ میں کاروبار کرتے ہیں ۔ آج عامر نامی شخص مارکٹ میں پہونچ کر ترکاری فروشوں سے معمول طلب کرنے لگا ۔ سعود انصاری کے معمول دینے سے انکار پر وہ برہم ہوگیا اور اُس پر چاقو سے حملہ کردیا ۔ اس واقعہ میں انصاری کے گردن پر زخم آیا اور وہاں پر موجود دیگر ترکاری فروشوں نے حملہ آور کو پکڑ کر ہمایوں نگر پولیس کے حوالے کردیا۔ زخمی کو دواخانہ علاج کیلئے منتقل کیا گیا جبکہ اس سلسلہ میں ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے ۔