چارمینار کے قریب ملبوسات کے تاجر یسین غنڈہ عناصر کے حملہ میں زخمی
حیدرآباد۔تاریخی چارمینار کے اطراف و اکناف علاقہ میں غنڈہ عناصر کی جانب سے چھوٹے تاجرین کو معمول کیلئے ہراساں کرنا اور ان پر حملہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس چھوٹے تاجرین کو ہراسانی سے بچانے میں بے بس اور ناکام دکھائی دے رہی ہے کیونکہ دو ماہ قبل بھی اسی قسم کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جس میں چھوٹے تاجرین سے معمول طلب کرتے ہوئے انہیں نشانہ بنایا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ چارمینار کے قریب کل رات ایک چھوٹے تاجر یسین پر بعض غنڈہ عناصر جن کی شناخت ضمیر، اعجاز خان کی حیثیت سے کی گئی ہے نے سرپر بیاٹ سے حملہ کرکے زخمی کردیا۔ ذرائع کے مطابق یسین جو چارمینار کے قریب واقع جامع مسجد کے قریب ملبوسات کی چھوٹی دکان چلاتا ہے پر ضمیر نامی شخص جو گنا نصیر کا بھانجہ بتایا جاتا ہے نے حملہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ گنا نصیر کو جاریہ سال فروری میں حسینی علم پولیس نے چھوٹے تاجرین پر معمول کیلئے حملہ کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا اور اس کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔ پولیس کی مبینہ لاپرواہی سے چھوٹے تاجرین سے معمول کی وصولی کیلئے غنڈہ عناصر کی جانب سے ہراسانی کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ پولیس چارمینار نے بتایا کہ بعض افراد پر حملہ کرنے کے سلسلہ میں یسین پر بھی ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔