معیاری ادویات کی کم قیمتوں پر دستیابی ضروری

,

   

ہر گذرتے دن صحت عامہ کے لیے نئے چیلنجس کا سامنا ، نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد ۔ 16 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے آج ملک میں معیاری ادویات کی کم قیمتوں پر دستیابی کی ضرورت پر زور دیا ۔ ادویات سازی کے لیے ریسرچ اور اختراعی کوششوں کی جانب توجہ دلاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کی دوائیں تیار کرنا وقت کا تقاضہ ہے ۔ ادویات سازی اور معیاری فریم ورکس میں نہایت اعلیٰ درجہ کی دوائیں بنانے والی کمپنیوں کو مشورہ دیا کہ وہ اس اصول پر سختی سے عمل پیرا رہیں ۔ سروجنی نائیڈو ونیتا فارمیسی مہاودیالیہ حیدرآباد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے ریسرچ اور اختراعی شعبہ پر زیادہ سے زیادہ توجہ دینے کو وقت کا تقاضہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر گذرتے دن صحت عامہ کو نئے چیالنجس کا سامنا ہے خاص کر نازک امراض جیسے کینسر کے بڑھتے کیس تشویش ناک ہیں ۔ ایسے امراض کے لیے نئے اور سستی دوائیں بنانے پر دھیان دیا جانا چاہئے ۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان عالمی سطح پر جنرک ادویات کی فراہمی کا سب سے بڑا ملک بن رہا ہے اور ایڈس پر قابو پانے کے لیے استعمال کی جانے والی ادویات بھی تیار کررہا ہے ۔ انہوں نے ہندوستانی دوا ساز کمپنیوں کی جانب سے اس خصوص میں فراہم کی جانے والی خدمات کی ستائش کی ۔ یہ دوائیں زندگی بچانے والی ہیں اور انہیں قابل متحمل قیمتوں پر فراہم کی جارہی ہیں ۔ ترقی پذیر ملکوں میں جنرک دوائیں مریضوں کی قوت خرید کے مطابق تیار ہورہی ہیں ۔ وہ چاہتے ہیں کہ ہندوستان بھی جنرک دواؤں کی تیاری میں عالمی سطح پر ایک اہم ملک بن کر ابھرے ۔ انہوں نے ادویات کی تیاری میں ریسرچ کرنے والے نوجوانوں سے خواہش کی کہ وہ ان دواؤں کو معیاری بنانے کے لیے کام کریں تاکہ ساری دنیا کے ممالک ان کی خدمات سے استفادہ کرسکیں ۔ وینکیا نائیڈو نے ہندوستان فارما شعبہ کو عوامی زندگی کا اہم ترین حصہ قرار دیا اور کہا کہ یہ شعبہ انسانی زندگیوں کو بچانے کی اہم ذمہ داری ادا کررہا ہے ۔ لہذا فارما کمپنیوں کو زندگی بچانے والی دواؤں کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے پر توجہ دینی چاہئے ۔ انہوں نے نمائش سوسائٹی کی ستائش کی کہ وہ شعبہ تعلیم میں عظیم خدمات انجام دے رہی ہے ۔ اس کے تحت 18 تعلیمی ادارے چل رہے ہیں ۔ گذشتہ 75 سال سے تلنگانہ میں لڑکیوں کی تعلیم پر توجہ دی جاکر انہیں علم سے آراستہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر 10 میرٹ حاصل کرنے والے طلباء میں گولڈ میڈلس بھی تقسیم کئے ۔۔