ہر خاندان کو تعلیم یافتہ بنانے کا منصوبہ ۔ ریاستی وزیر جگدیش ریڈی
حیدرآباد۔8جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاست میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے سنجیدہ ہیں اور وہ تعلیمی پسماندگی کو بہر صورت ختم کرنے کوشاں ہیں۔ وزیر تعلیم مسٹر جگدیش ریڈی نے آج سکندرآباد پی جی کالج میں نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہو ںنے بتایا کہ چندر شیکھر راؤ تلنگانہ میں عالمی معیار کی تعلیم کے فروغ کے سلسلہ میں اقدامات اور حکمت عملی تیار کررہے ہیں اور ریاست میں ٹی آر ایس حکومت میںتعلیمی انقلاب کی صورتحال پیدا کی جاچکی ہے ۔ سرکاری تعلیمی اداروں میں داخلوں کیلئے مسابقت شروع ہوچکی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ چیف منسٹر ہر خاندان کو تعلیمیافتہ بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں اور کوشش کی جا رہی ہے کہ ہر کسی کو گھروں کے قریب تعلیم حاصل ہو ۔ انہو ں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے عالمی معیار کے تعلیمی اقدار کو فروغ دینے جو اقدامات کئے جا رہے ہیں ان میں اصلاحات اور نئی نسل کو سرکاری اسکولو ں میں معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ حکومت کی جانب سے تکنیکی تعلیم کے میدان میں اصلاحات کے نتائج سامنے آنے لگے ہیں اور ریاست میں عالمی معیار کی تعلیم کی فراہمی کیلئے اقدامات میں کئی اصلاحات زیر غور ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ حکومت سے بہت جلد شعبہ تعلیم میں اصلاحات کے ذریعہ ریاست میں موجود تعلیمی معیار کو مزید بہتر اور بلند بنانے اقدامات کئے جائیں گے۔