معید خان کے شاپنگ کامپلکس پر بلڈوزر چلا دیاگیا

   

لکھنو ۔ ایودھیا اجتماعی عصت ریزی مقدمہ کے مرکزی ملزم کی غیر قانونی جائیداد کے خلاف ایک بار پھرکارروائی کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے جمعرات کی سہ پہر ملزم معید خان کے شاپنگ کمپلیکس پر بلڈوزر چلا دیا۔ اس کے لیے پولیس اور انتظامی عہدیداروں نے پہلے ہی شاپنگ کمپلیکس کو خالی کروا لیا تھا۔ الزام ہے کہ یہ شاپنگ کمپلیکس تالاب کی زمین پر بنایا گیا تھا۔کارروائی کے دوران پولیس اور انتظامیہ کے عہدیدار موقع پر موجود تھے۔ سیکیورٹی کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔اجتماعی زیادتی کے مرکزی ملزم پر سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے کا بھی الزام ہے۔ اس کے خلاف متاثرہ خاندان کو دھمکیاں دینے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔ ملزم کے اہل خانہ نے بلڈوزرکی کارروائی رکوانے کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ عدالت کا فیصلہ آنے سے قبل انتظامیہ کی جانب سے بلڈوزر کی کارروائی کی گئی۔ جس شاپنگ کمپلیکس پر مسماری کی گئی ہے اس میں ایک بینک کرائے پر تھا جسے خالی کردیاگیا ۔ یاد رہے کہ ایودھیا کے بھدرسا میں معید خان اور راجو خان نے ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت ریزی کی تھی۔ یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب نابالغ حاملہ ہوگئی۔ کم سن بچی سے اجتماعی زیادتی کا واقعہ مرکزی ملزم معید کی بیکری میں پیش آیا۔ اس بیکری کو انتظامیہ نے غیر قانونی جائیداد قرار دے کر منہدم کر دیا تھا۔ جمعرات کو ایک بار پھر ملزمان کی غیر قانونی جائیدادوں پر مزید سخت کارروائی کی گئی ۔