معیشت جمود کے دہانے پر ، حکومت پر بے عملی کی غشی

   

ملک میں مال کی متناسب مانگ یا روزگار مہیا نہیں، کانگریس کا تجزیہ
نئی دہلی 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی بجٹ سے قبل کانگریس نے آج حکومت کو مورد الزام ٹھہرایا کہ وہ ملک کی معیشت کو درست کرنے بہت کم کوشش کررہی ہے اور متنبہ کیاکہ معیشت جمود کے دہانے پر پہونچ چکی ہے۔ پارٹی ترجمان سپریا شریناتے نے کہاکہ ملک کی معیشت کو حکومت کی توجہ درکار ہے کیوں کہ دنیا اس کا بغور جائزہ لے رہی ہے۔ ’’ہم ایسی صورتحال کے دہانے پر پہونچ چکے ہیں جہاں مال کی متناسب مانگ یا روزگار دستیاب نہیں ہے۔ معیشت ہمارے ہاتھ سے نکلی جارہی ہے اور مَیں یہ بات پوری ذمہ داری سے کہہ رہی ہیں‘‘۔ حکومت نے ملک کی معیشت کے لئے بہت کم کارگر اقدامات کئے ہیں۔ اِس کا نتیجہ یہ ہوا کہ اب ہندوستانی معیشت کو حکومت کی فوری توجہ درکار ہے۔ اِسے مناسب اصلاحی اقدامات کی ضرورت ہے کیوں کہ اِس پر دنیا کی نظریں ہیں۔ سپریا نے کہاکہ مرکزی بجٹ ایسے وقت پیش کیا جارہا ہے جب ملک پہلے سے ہی معاشی سست روی کا شکار ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اگرچہ حکومت مسلسل تردید کئے جارہی ہے کہ ہندوستانی معیشت جمود کی طرف نہیں بڑھ رہی ہے لیکن حقیقت حال ملک اور دنیا کے سامنے ہے۔ سپریا نے دعویٰ کیاکہ اِس حکومت میں واحد پُراستقلال چیز گزشتہ 6 سال میں بجٹوں کا گھٹتا معیار ہے۔ ہماری سنجیدگی سے اُمید ہے کہ اِس سال بجٹ میں ایسی تجاویز پیش کی جائیں گی جو ٹھوس نوعیت کی ہوں اور جن پر اچھی طرح غور و خوض کیا گیا ہو۔ ایسا نہ ہو کہ گزشتہ سال کی طرح تجاویز کو یکے بعد دیگر واپس لینا پڑا۔ سرمایہ کار ٹھوس پالیسی والا ماحول چاہتے ہیں۔ اُنھیں جوکھم مول لینا پسند نہیں ہوتا۔ سابق وزیر فینانس پی چدمبرم یکم فروری کو مرکزی بجٹ کا ناقدانہ تجزیہ کریں گے۔